شہبازشریف کی کارکردگی کے بعد عوام کو ہماری خدمات کا احساس ہو رہا ہے، پرویزالٰہی

شہبازشریف کی کارکردگی کے بعد عوام کو ہماری خدمات کا احساس ہو رہا ہے، ...

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی کارکردگی سے موازنہ کے بعد عوام کو ہماری خدمات کا احساس ہو رہا ہے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ گوجرانوالہ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کرنے والوں میں محمد اعظم بھٹہ، آفتاب احمد وڑائچ اور چیئرمین چودھری بلال پرویز شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب باالخصوص جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور نواحی اضلاع میں ن لیگ کے جھوٹے پراپیگنڈے کا اثر زائل ہو رہا ہے، صوبہ میں پاکستان مسلم لیگ دن بدن مضبوط ہو رہی ہے کیونکہ ہم نے صوبہ میں ترقی اور خوشحالی کا جو دور شروع کیا تھا شہبازشریف اور ان کے ساتھیوں کی ناقص کارکردگی کے بعد عوام کو اس کے خاتمے کا شدت سے احساس ہو رہا ہے کیونکہ ہر جگہ حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، لوگوں کو علاج و معالجہ اور تعلیم کی بنیادی سہولتیں تو کیا پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو یہ ہدایت کی کہ وہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنائیں، عوامی رابطے بڑھائیں اور نوجوان نسل کو باالخصوص اپنے دور میں غریب اور عام آدمی کیلئے صحت، تعلیم، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں میں کیے گئے ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے آگاہ کریں۔

مزید : صفحہ اول