عوام تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کرکے سازشی سیاست کو دفن کردیا : مریم نواز
لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ہمیشہ ٹوٹا پھوٹا پاکستان ملتا ہے لیکن وہ ہمیشہ ترقی کرتا اور ابھرتا ہوا پاکستان دے کر جاتا ہے ، لاہور کے عوام نے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت نہ کر کے مہروں اورسازشوں کی سیاست کرنے والوں کو نہ صرف مسترد بلکہ دفن کر دیا ،کرپشن ، پانامہ ، اقامہ صرف بہانہ تھے اصل میں مخالفین کو 2018ء میں بھی مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی فتح نظر آرہی تھی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ، عرفان اقبال شیخ، بابر محمود ، میاں عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ میں آپ کی عدالت میں نواز شریف کی نا اہلی کی نظر ثانی اپیل لے کر آئی ہوں جس کا فیصلہ 17ستمبر کو لگنے والی عوام کی عدالت میں ہونا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں 2013ء میں اسی حلقے سے اپنے والد کی انتخابی مہم چلا رہی تھی تو اس وقت گلی محلوں میں اندھیرے تھے ، بازاروں میں تاجر برادری کرسیوں پر بیٹھی ہوتی تھی کہ کاروبار نہیں چلتا لیکن ساڑھے چار سال بعد سازشوں، دھرنوں اور روکے جانے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں بہتری آئی ہے کہ نہیں؟ ،پہلے سی این جی اسٹیشنز پر لائنیں ہوتی تھیں آج کیا لائنیں لگتی ہیں ،کیا آج کاروبار چل رہا ہے کہ نہیں ،دہشتگردی میں کمی ہوئی ہے کہ نہیں؟۔ دنیا آج پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کر رہی ہے ، کون ہے جو پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مٹاتا ہے ،دہشت گردی کے اندھیروں کو ختم کرتا ہے ۔جس پر شرکاء نے بلند آواز میں نواز شریف کا نام لے کر جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے آنے سے سٹاک ایکسچینج 54ہزار پوائنٹس کی بلندیوں کو پہنچی اور جب نواز شریف کو نا اہل کیا گیا تو سٹاک مارکیٹ زمین آنے لگی ، یہ نواز شریف ،پاکستان اور ترقی کاگہرا رشتہ ہے جسے توڑا نہیں جا سکتا ،آپ نواز شریف کو اقتدار سے تو نکال لو گے لیکن عوام کے دلوں سے کیسے نکالو گے ؟۔انہوں نے کہا کہ جب بھی نواز شریف اقتدار میں آتا ہے تو اسے اندھیرے ، ڈوبتی ہوئی معیشت ملتی ہے ، ٹوٹا پھوٹا پاکستان ملتا ہے لیکن جب نواز شریف جاتا ہے تو ترقی کرتا اور ابھرتا ہوا پاکستان دے کر جاتا ہے۔ 70سالوں میں بجلی کی پیداوار 9ہزار میگا واٹ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی لیکن (ن) لیگ کے موجودہ دور حکومت میں11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی اور70سال میں پہلی بار پاکستان کی ضرورت سے زیادہ اضافی بجلی پیدا ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سڑکیں بن رہی تھیں، موٹر ویز بن رہی تھی گیس کی لوڈ شیڈنگ دور ہو رہی تھی لیکن پھر کیوں ترقی کے ضامن کو نا اہل کیا گیا ؟آپ نے یہ سوال ضرور پوچھنا ہے ، ووٹ سے آنے والے ترقی کے ضامن کو کیوں ہٹایا گیا ؟۔
مریم نواز