ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق ہے ، پاکستانی حکومت آزاد کشمیر پر مرضی کے احکامات سے گریز کرے ، فاروق حیدر

ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق ہے ، پاکستانی حکومت آزاد کشمیر پر مرضی کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سٹا ف رپورٹر) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، یہ دونوں خطے ایک دوسرے کے بغیر نہیں چل سکتے ، پاکستان حکومت آزاد کشمیر پر اپنے مرضی کے احکامات سے گریز کرے ہمیں آزادانہ طور پر اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے،نیشنل پالیسی مذاق بن کررہ گئی ہے ، شخصی اختلا فات کی بنا پر ملکی پالیسی بنا نا خطرناک صورتحال کو جنم دے سکتا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرزکی جانب سے میٹ دی ایڈیٹر زپروگرام کے تحت منعقد ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، اُن کا کہنا تھا کہ این اے 120کا الیکشن ملکی سیاسی سمت کا تعین کرے گا یہ عام الیکشن نہیں جو اس الیکشن میں جیتے گا 2018ء کاالیکشن اُس کیلئے ایک نوید ثابت ہو گا،راجہ فاروق حیدر نے ملکی سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کا اپنا اپنا ایک مقام ہے پانامہ کیس کے بعد کی صورت حال پر کشمیریوں کو ملکی حالات پر بہت سے تفکرات کا سامنا ہے ، کشمیر پالیسی پر بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ 9/11کے بعد بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے بارے میں سخت موقف اختیار کرے ، ٹرمپ کے بیان پر اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے بیان پر بہت تحفظات ہیں مگر وزیر دفاع خواجہ آصف کے سخت موقف کے بعد حالات کچھ مختلف ہیں،مودی نے کشمیر پر اسرائیل سے مل کر خطے میں صورت حال کو بہت متشدد بنا لیا ہے ، پاکستان کی جانب سے کشمیر پر مضبوط موقف بھارت کیلئے ناقبول ہے ، مودی پاکستان کو نظریاتی طو ر پر تقسیم کر رہا ہے ہمیں اُس کی چال کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں انہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے،کشمیری عوام اخلاقی ، نظریاتی اور سفارتی مدد پر حکومت پاکستان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور ملک کی آزادی کو اس سے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس لئے پاکستان کیلئے یہ ضروری ہے کہ آزادئ کشمیر کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کرے اور عالمی فورموں پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے جو پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اس کے مقابلے میں کشمیریوں کی جدوجہد قابل تعریف ہے اور انہوں نے اس تحریک کی اپنے لہو سے آبیاری کی ہے وہ وقت دور نہیں جب آزادی کی یہ جدوجہد برگ و بار لائے گی۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں جمہوریت کی جڑیں بہت مضبوط ہیں، کشمیری عوام میں سیاسی شعور پختہ ہے اور وہ انتخابات میں آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کرکے اپنے ایسے نمائندے منتخب کرتے ہیں جو کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کی اور کشمیری عوام نے نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا جو بھارت نوازی کے حوالے سے ان کے خلاف کیا جا رہا تھا۔ سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو خوش آمدید کہا جبکہ رحمت علی رازی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ممتاز طاہر ،قدرت اللہ چودھری، ایاز خان، نعیم مصطفےٰ ،شہزاد حسین، امتیاز عالم، خالد فاروقی، محمد شفیق، سید فرقان ہاشمی، ندیم بسرا، عامر رانا، ندیم چودھری، شہباز انور خان، توفیق الرحمن، سلمان زیدی اور شاہد رضوی سمیت دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔

راجہ فاروق حیدر

مزید :

صفحہ اول -