مہاجروں پر مظالم کا الزام،پیپلزپارٹی کا فاروق ستار سے معافی کا مطالبہ
سکھر(بیورو رپورٹ) سندھ میں مہاجروں پر مظالم کا الزام لگانے پر پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے معافی کا مطالبہ کردیا ہے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فاروق ستار کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، سب کو پتا ہے کہ ان لوگوں کے عزائم کیا ہیں، فاروق ستارکو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے، وہ اپنے اس بیان پر معافی مانگیں، کیا مہاجروں سے روہنگیا مسلمانوں جیسا سلوک ہورہا ہے، درحقیقت بلی تھیلے سے باہرآگئی ہے، یہ لوگ کبھی نئے صوبے کی بات کرتے ہیں اور کبھی کچھ اور کہتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری پر ہم نے کہا تھا کہ ایک ڈیٹا فارم انتظامیہ کے پاس بھی ہونا چاہیے، بے نظیر قتل میں نامزد دہشت گردوں کو چھوڑ دیا گیا، آصف زرداری کو کرپشن ریفرنس سے بری کردیا گیا لیکن ان کے جیل میں گزارے گئے دس سالوں کا حساب کون دے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا تھا کہ میانمار میں مسلمانوں اور سندھ میں مہاجروں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔