خصوصی افراد کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے :اسد قیصر

خصوصی افراد کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے :اسد قیصر

صوابی ( بیورورپورٹ ) قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا اور سپیکر اسدقیصر نے صوابی میں خصوصی افراد کو باعزت طریقے سے روزگار کو یقینی بنانے کے لئے ’’ ماڈل ٹیکنیکل ٹریننگ سکول ‘‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ خصوصی افراد اس معاشرے کا حصہ ہے ،صوبائی حکومت ان کو جائز مقام دلانے اور ان کے فلاح وبہبود کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاؤں مرغز میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے سپیشل پیکج کے تحت خصوصی و نابینا افراد میں موبائل فونز ، ٹرائی سائیکل ،آلہ سماعت اور وہیل چیئرز تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر عالمگیر خان ،پی ٹی آئی مرغزکے صدر رونق زمان ،عطاء اللہ کے علاوہ خصوصی افراد بھی موجود تھے ،اسد قیصر نے متعلقہ حکام سے ہدایت کی کہ وہ خصوصی و نابینا افراد کے لئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ،انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو اللہ تعالی نے دیگر کئی صلاحیتیوں سے نوازا ہے ،حکومت خصوصی افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لئے تمام تر اقدامات کررہی ہے، اسد قیصر نے کہا کہ ضلع صوابی میں خصوصی افراد کو فنی ہنر کی تربیت فراہم کرنے کے لئے بہت جلد ایک ماڈل ٹیکنیکل ٹریننگ سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے سپیشل پیکج کے تحت خصوصی افراد کو 400 ٹرائی سائیکل ،28 خصوصی رکشے ،600 وہیل چیئرز ،500 آلہ سماعت ،400وائیٹ کین اور نابینا افراد کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ 800 موبائل فونزشفاف طریقے کار کے تحت فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ 500 ذہنی معذور افراد میں فی کس کے حساب سے چھ ہزار روپے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں ،قائم مقام گورنر نے کہا کہ حکومت ماضی کے مقابلے میں خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، انہوں نے صاحب ثروت لوگوں سے اور فلاحی تنظیموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خصوصی افراد کی مدد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ خصوصی افراد کی بحالی معاشرے کے تمام لوگوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول