عمران خان توہین عدالت کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی بنچ بنا دیا

عمران خان توہین عدالت کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی بنچ بنا دیا

اسلام آباد (آن لائن ) الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کوخصوصی لارجر بنچ میں سننے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی لارجر بنچ میں سننے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عدالت کے سنگل بنچ کی جانب سے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا تحریر کردہ پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلہ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں خصوصی بنچ تشکیل دیدیا ہے جو کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر 11ستمبر کو سماعت کرے گا۔ لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے چیف جسٹس کو بھیجا تھا۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے گیارہ ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے جبکہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان سے قانونی دلائل بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

خصوصی بنچ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر