گلستان جوہر ،سکیورٹی اداروں کی کارروائی ،7ملزمان گرفتار

گلستان جوہر ،سکیورٹی اداروں کی کارروائی ،7ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(کرائم رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف گھیراتنگ کردیا ہے ۔جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 7 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتارکرلیاہے جبکہ ایک دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گلستان جوہر کے علاقے الحبیب سوسائٹی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی ،کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے سات مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتارکر لیاگیا جبکہ ایک دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے گرفتار افراد کوئٹہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹیں،اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچربھی برآمد ہوا ہے۔ زیر حراست گرفتار افراد کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کاروائی کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی جبکہ گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور کا لعدم لشکر بلوچستان سے ہے۔دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ شہر میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔، ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے