اقوام متحدہ اسلام دشمن قوتوں کے آگے تماشائی بنی ہوئی ہے،عبدالرحمن سلفی

اقوام متحدہ اسلام دشمن قوتوں کے آگے تماشائی بنی ہوئی ہے،عبدالرحمن سلفی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت غرباء اہل حدیث پاکستان مولانا عبدالرحمن سلفی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیر اور روہنگیا کے مسلمانوں پر اسلام مخالف قوتیں مظالم ڈھائے ہوئے ہیں۔ روہنگیا کے مسلمانوں کے سینکڑوں گھر جلا دیئے گئے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے ۔ اقوام متحدہ اسلام دشمن قوتوں کے آگے تماشائی بنی ہوئی ہے۔ او آئی سی روہنگیائی مسلمانوں کی بے دردی سے قتل کا نوٹس لے ۔ اقلیتوں کے تحفظ کا نعرہ لگانے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بدھ مذہب کی دہشت گردی پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ دین اسلام تمام مذاہت کا احترام اور ان کی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن کا نوبل انعام پانے والی آگ سانگ سوچی کی ناک کے نیچے میانمار کے مسلمان جل رہے ہیں ۔ عیدالاضحی باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور اللہ کی رضا کے لئے سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ اسلام دشمن قوتوں کے خلاف مسلم ممالک کو یکجا ہونا ہوگا۔ انہوں نے ترکی کے رول کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دلوانا اور ان کے تمام اخراجات اٹھانا یہ ترکی کی اپنے مسلمان بھائیوں کی بہت بڑی خدمت ہے۔اس موقع پر جماعت غرباء اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ مولانا مفتی انس مدنی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت روہنگیائی مسلمانوں کے قتل پر آواز بلند کرے اوآئی سی کو متحرک کیا جائے عالمی برادری سے رابطے تیز کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر