اسلام آباد ،عوامی مرکز میں پھر آگ بھڑک اٹھی، وفاقی محتسب اور سی پیک ایکسی لینس سینٹر مکمل جل گیا، 2 افراد جاں بحق
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز میں پھر آگ بھڑک اٹھی ،آتشزدگی سے عمارت مکمل طور پر جل گئی،عمارت کے گراﺅنڈ فلوروفاقی محتسب اور پانچویں فلور پر سی پیک ایکسی لینس سنٹر بھی تھے جو مکمل طور پر جل گئے اور ان میں موجود قیمتی ریکارڈ بھی جل کرخاکستر ہو گیا،فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز میں آگ لگنے کا واقعہ صبح ساڑھے 7 کے قریب پیش آیاجس کے نتیجے میں 2 افراد جان بچانے کی کوشش میں چوتھی منزل سے کود کر جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک شخص شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی محتسب کے آفس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی سے ادارے کا قیمتی ریکارڈ بھی جل گیااور فائر فائٹرز کا عملہ آگ بجھانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ، آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 4 سے 5 گاڑیاں مصروف ہیں،قبل ازیں فائر بریگیڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ عمارت میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے ، کولنگ کے بعد دیگر کارروائیاں کی جائیں گی لیکن کچھ ہی دیر بعد عمارت میں پھر ہولناک آگ بھڑک اٹھی اور دھویں کے بادل دور دور تک دیکھے جا سکتے ہیں، دھویں کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔آتشزدگی سے پانچویں فلور پر سی پیک ایکسی لینس سینٹر بھی مکمل طور پر جل گیا ، سینٹر میں موجود کمپیوٹرز اور اہم ریکارڈ بھی جل کر راکھ ہو گیا،سی پیک ایکسی لینس سینٹرکا افتتاح ایک سال پہلے کیا گیا تھا ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔آتشزدگی کے باعث عمارت سے چھلانگ لگاکر جاں بحق ہونے والوں میں علی رضا اور وقار شامل ہے جبکہ عمر نامی نوجوان ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔