مسلمان متحد ہوکر روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے کردار ادا کریں : یوگی ریاض حسین

مسلمان متحد ہوکر روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے کردار ادا کریں : ...
مسلمان متحد ہوکر روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے کردار ادا کریں : یوگی ریاض حسین

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان یوگا کونسل کے سربراہ یوگی ریاض حسین نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، امت کا شیرازہ بکھر چکا ہے جس سے دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے، تمام مسلمان متحد ہو کر روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کے لئے کردار ادا کریں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان روہنگیا مسلمانوں کو پاکستان کی شہریت دے پاکستان یوگا کونسل 100 خاندانوں کی کفالت کا خرچہ برداشت کرے گی۔

لاہورمیں آرمی میوزیم عوام کے لیے کھول دیا گیا: آئی ایس پی آر

آل پاکستان یوگا کونسل کے زیر اہتمام روہنگیا مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف لاہور کے لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں عورتوں اور بچوں سمیت سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی۔مظاہرین نے او آئی سی ، اقوام متحدہ اور عالمی امن کے اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ انہوں نے ہاتھوں میں اقوام عالم کے خلاف اور روہنگیا مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے کتبے اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ برمی سفیر کو ملک بدر کریں اور روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لئے ان کی آواز بین الاقوامی فورمز پر اٹھائیں۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان یوگا کونسل کے سربراہ یوگی ریاض حسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی روہنگیا مسلمانوں کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور او آئی سی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرکے عالمی برادی کو مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کرنے پر راضی کریں ۔

انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کرنے پر احتجاجا میانمار سے اپنے تعلقات منقطع کر لیں۔

مزید : لاہور