شمالی کوریا نے کس ملک کی مدد سے اپنی ایٹمی ٹیکنالوجی کی تمام خامیاں دُور کر لیں؟ انتہائی پریشان کن انکشاف منظرِ عام پر آگیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا نے آئے روز ایٹمی تجربات کرکے امریکہ سمیت اپنے تمام مخالفین کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اب ان کے ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول کے حوالے سے انتہائی تشویشناک انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے۔ ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول میں ایران سے مدد لی اور اس کے تعاون سے اپنے ایٹمی پروگرام میں موجود تمام خامیاں دور کر لی ہیں۔
وائٹ ہال کے ذرائع نے ٹیلیگراف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”شمالی کوریا ایٹمی ٹیکنالوجی میں جس قدر جدت حاصل کر چکا ہے، اس کے سائنسدان اکیلے یہ کام نہیں کر سکتے۔ یقینا انہیں کسی اور ملک کی مدد حاصل رہی ہے اور جن ممالک کے شمالی کوریا کو یہ مدد دینے کا امکان ہے ان میں ایران سرفہرست ہے، جبکہ روس بھی اس فہرست میں شامل ہے۔“ ایک برطانوی وزیر کا بھی یہی کہنا تھا کہ ”شمالی کوریا کے سائنسدان کچھ صلاحیت رکھتے ہیں لیکن یہ بالکل واضح ہے کہ وہ کسی اور کی مدد کے بغیر اتنی جدید ٹیکنالوجی حاصل نہیں کر سکتے جو اب تک شمالی کوریا حاصل کر چکا ہے۔“