روہنگیا میں مسلمانوں پر مظالم ،حکومت بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک ،سفیر کو ملک بدر کرتے ہوئے برما سے سفارتی تعلقات ختم کرے :سینیٹر سراج الحق

روہنگیا میں مسلمانوں پر مظالم ،حکومت بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک ،سفیر کو ...
روہنگیا میں مسلمانوں پر مظالم ،حکومت بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک ،سفیر کو ملک بدر کرتے ہوئے برما سے سفارتی تعلقات ختم کرے :سینیٹر سراج الحق

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک کرے ، برما کے سفیر کو ملک بدر کر کے برما سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ،مسلم حکمران اور مسلم ممالک کی اسلامی فوج کیا کررہی ہے ،برما میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف مسلم حکمران اور اسلامی ممالک کی فوج خاموش کیوں ہیں ،جب تک روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر اپنا کردار ادا نہیں کرے گی ہم قومی سطح پر احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ایم اے جناح روڈ پر ” سپورٹ روہنگیا مارچ“کے لاکھوں مرد وخواتین سے لاہور سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارچ کا انعقاد روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بدھسٹ حکمرانوں اور برما کی افواج کے انسانیت کے مظالم پر بڑی طاقتوں ، اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف کیا گیا،مارچ سے لیاقت بلو چ،اسد اللہ بھٹو ، حافظ نعیم الرحمن ،الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبد الشکور اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اہل کراچی کو عظیم الشان مارچ پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں کراچی کے عوام نے فلسطین ، کشمیر ، افغانستان ، شیشان ہر جگہ کے مسلمانوں کو سپورٹ کیا ہے اور اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ آج آپ نے روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرکے ثابت کردیا ہے کہ کراچی ہمیشہ کی طرح زندہ اور بیدار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق آج دنیا کی سب سے مظلوم ترین قوم روہنگیا کے مسلمان ہیں ۔ افسوس کہ عالم اسلام کے حکمران خاموش ہیں ۔ اسلامی ممالک کی فوج بھی کچھ نہیں کررہی ۔اسلامی ممالک کی فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بنائی گئی ہے کیا برما کے مسلمانوں پر مظالم دہشت گردی نہیں ہے؟ ۔حکومت نے ہم برما کے سفارتخانے پر احتجاج کرنے سے روکا ۔ ہم نے ان سے کہا کہ آپ امریکہ اور بھارت سے کیوں ڈرتے ہیں ۔ ہمارے حکمران اندھے اور بہرے بن گئے ہیں ۔جب ترکی کے صدر طیب اردگان کی اہلیہ بنگلہ دیش میں برما کے مہاجرین سے مل سکتے ہیں تو ہمارے حکمران کچھ کیوں نہیں کرسکتے ۔سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ برما کے سفیر کو ملک سے نکالا جائے اس کے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ۔ اقوام متحدہ کے سامنے جاکر ڈیرہ ڈال دیاجائے اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7کے مطابق ان کی ذمہ داری ہے کہ اقوام متحدہ برما میں اپنا کردار ادا کرے ۔

 

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلو چ نے کہا کہ کراچی کے لاکھوں مرد وخواتین کا آج سڑکوں پر نکلنا بہت بڑی کامیابی ہے اور کراچی نے زندہ اور بیدار ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ آج اہل کراچی نے امت مسلمہ کے ایک جسد واحد ہونے کا بھی ثبوت دیا ہے لیکن افسوس کہ انسانی حقوق کے علمبردار اور موم بتی مافیا خاموش ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ سوچی کے طرز عمل نے انسانیت کو بھی شرمندہ کردیا ہے ۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نوبل انعام کے چارٹر کی خلاف ورزی کرنے پر یہ انعام واپس بھی لیا جائے اور آن سان سوچی سے یہ کام شروع کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے برما کے سفیر کو بلا کر جو احتجاج کیا ہے یہ معمول کی کاروائی ہے ۔ برما سے سفارتی تعلقات ختم کر کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے ، اسلامی ممالک کی تنظیم کا اجلاس بلایا جائے اور برما کے مسلمانوں کے مظالم پر آواز بلند کی جائے ۔ اتحاد امت ہی آج امت کے مسائل کا حل ہے ۔ ترکی کے موقف کی حمائت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔پاکستان ، ترکی ، ملائیشیا اور انڈونیشیا مل جائیں تو حالات میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے سوال کرتے ہیں کہ آج برما کے مسلمانوں پر ظلم پر خاموش کیوں ہے ۔ امریکہ اور اسرائیل گٹھ جوڑ سے مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔ نرندر مودی برما میں جاکر مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کرکے آیا ہے ۔ عالمی برادری اس پر خاموش ہے ۔ہم دنیا میں امن چاہتے ہیں ۔ تمام اقوام کا احترام کرنا چاہتے ہیں لیکن اقوام عالم مسلمانوں کے جینے کا حق تسلیم کرے ۔ ہمارے عقیدے کے مطابق ہمیں جینے اور زندگی گزانے کا حق تسلیم کیا جائے ۔ ہمارے انسانی حقوق کو بھی تسلیم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف اللہ کے سامنے جھکنے والے ہیں کسی اور کے آگے جھکنے پر تیار نہیں ہیں ۔ اگر ہمارے جینے کا حق چھین گیا تو ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے ۔ ہم مسلمانوں کے جینے کا حق تسلیم کرانے کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں ۔ ہم روہنگیا کے مسلمانوں کے پشت بانی کی ہے ۔ پاکستان دنیا کی اسلامی ایٹمی طاقت ہے ۔ پاکستان کو برما کے مسلمانوں کا حقیقی پشتی بان بننا چاہیئے ،۔انہوںنے کراچی میں ایک ہی خاندان کے 12افراد کے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ۔نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ حکومت پاکستان یہ مقدمہ لے کر اقوام متحدہ اور اسلامی کونسل میں میں لے کر جائے ۔حقوق انسانی کا دروازہ کھٹکھٹا یا جائے ۔OICکا اجلاس بلا یا جائے ، برما کے مسلمانوں کے لیے آج کا تاریخی احتجاجی مارچ کرنے پر کراچی کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کی طرح اپنا حق اور فرض اد اکیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ نوبل انعام یافتہ آن سان سوچی سے امن کا انعام واپس لے کر اس کو دہشت گردی کا انعام دیا جائے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کراچی نے ثابت کردیا ہے کہ ہم برما میں روہنگیا مسلمانوں کے نام پر سب متحد اور یکجا ہیں۔ کراچی زندہ اور بیدار ہے اور امت مسلمہ کے ساتھ ہے ۔ کراچی کے شہریوں نے آج سامراجی ایجنٹوں کو مسترد کردیا ہے جو لوگ کراچی میں لسانیت اور عصبیت کی پھر دوبارہ باتیں کررہے ہیں کراچی کے عوام آج ان کو بھی مسترد کرتے ہیں ۔ آج کراچی کے لاکھوں مرد وخواتین مطالبہ کرتے ہیں کہ برما کے سفیر کو ملک کے اندر سے نکالا جائے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سپورٹ روہنگیافنڈ میں بھرپور تعاون کریں اور دل کھول کر عطیات جمع کرائیں ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت نے برما کے مہاجرین کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں ہیں اور ہمارے وفود رواانہ ہوگئے ہیں ۔الخدمت فاو ¿نڈیشن کے صدر عبد الشکور نے برما کے باڈر سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور بتایا کہ میں برما کے بارڈر پر کھڑا ہوں اور یہاں خواتین اور بچے ایک کھلے میدان میں جمع ہیں ان کے لیے بنیادی انسانی ضروریات میسر نہیں ہیں ۔ الخدمت کے وفد نے ان سے ملاقات کی ہے اور ان کے اندر امدادی اشیاءتقسیم کی ہیں۔ 

مزید : قومی /اہم خبریں