ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے

ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے

تعارف : شوکت محمود نیشنل بینک کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ گروپ ہیڈ سروس کوالٹی ہیں۔ بینکاری کے شعبہ میں ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی برانچوں کو دیگر نجی بینکوں کے ہم پلہ بنانے میں بہتر کردار ادا کیا ہے ۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ وہ اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ صارفین کو بہتر ماحول فراہم کرنا بینک کی اہم ترین ذمہ دار ہے ۔ اس مقصد کے حصول کے لیے وہ شبانہ روز کوششیں کررہے ہیں۔ روزنامہ پاکستان نے شوکت محمود سے خصوصی گفتگو کی ہے جس کا احوال قارئین کی نذر ہے۔ نیشنل بینک کی خدمات کو مزید معیاری بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔صارفین کی شکایات کا ازالہ تین دن میں کردیاجائے گا ۔اسٹاف کو سافٹ اسکلز کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ وہ کلائنٹس سے اچھا برتاؤ کرسکیں ،زرعی قرضوں کی تقسیم میں نیشنل بینک پہلے نمبر پر ہے ۔پنشن لینے والے افراد کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں ۔وزیراعظم یوتھ لون اسکیم سیاسی ہرگز نہیں ہے اس سے ہر نوجوان استفادہ حاصل کرسکتا ہے ۔شوکت محمود نے کہاکہ ہمارے شعبے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بینک کو خدمات کے لحاظ سے کیسے بہتر کیا جائے ہمارے شعبے کی یہ کوشش ہے کہ برانچ کے اندر کلائنٹس کے ساتھ بہتر رویہ رکھنے کے ساتھ انہیں معیاری خدمات دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔اس کے علاوہ برانچوں میں اچھا فرنیچر اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے ۔اس مقصد کے حصول کے لیے ہم دن رات سرگرم عمل ہیں جس کے نتائج جلد آپ کے سامنے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ برانچوں کی تعداد میں اضافے سے قبل ہم اپنے اسٹاف کو سافٹ اسکلز کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ انہیں کلائنٹس سے گفتگو کے معیاری طریقہ کار کی تربیت دی جاسکے جو سب سے اہم بات ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک سے پنشن وصول کرنے والوں کے لیے بہتر انتظامات کیے جارہے ہیں ۔انہیں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس لون اسکیم سیاسی ہرگز نہیں ہے اس سے ہر نوجوان استفادہ حاصل کرسکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم سے قرضے حاصل کرنے والے 20تا 30فیصد افراد کامیابی سے کاروبار چلاتے ہیں اگر یہ شرح 50فیصد تک بھی پہنچ جائے تو ملک میں کوئی بیروزگار نہیں رہے گا ۔ضرورت اس امرکی ہے کہ یہ قرضے حاصل کرنے کے بعد اپنے کاروبار پر محنت کی جائے ۔اس وقت نیشنل بینک زرعی ترقیاتی بینک سمیت دیگر بینکوں سے زائد زرعی قرضے دے رہا ہے اور اس شعبے میں ہماری وصولی بھی بہتر ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک ایڈوانس ڈپارٹ ایشو پر کام کررہا ہے جلد ہی بینک کا ای ڈی آر 60تا 65ہوجائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں نجی بینک نہیں جاتے ان دور دراز علاقوں میں بھی نیشنل بینک اپنی خدمات پیش کررہا ہے اس لیے نیشنل بینک اپنی برانچوں کی تعداد مزید بڑھا تو سکتا ہے لیکن اس میں کمی نہیں کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کسٹمر فیسلی ٹیشن ڈیسک پر کام کررہا ہے ۔نیشنل بینک کو یہ ادراک ہے کہ برانچوں کو جدید خطوط استوار کرنا ضروری ہے تاکہ صارفین کی تمام شکایات کا ازالہ کیا جاسکے ۔اس کے علاوہ ہم ڈیجٹیلائزیشن پر کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی کے شعبے میں بہت بڑے پیمانے پر کام کررہا ہے ۔

مزید : ایڈیشن 2