مصر میں خطّے کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع ،20ستمبر تک جاری رہیں گی

مصر میں خطّے کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع ،20ستمبر تک جاری رہیں گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


قاہرہ(این این آئی)مصر میں خطّے کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے جس میں سعودی عرب اور 24 دیگر ممالک شرکت کر رہے ہیں۔جرمن ریڈیو کے مطابق مصری فوجی ترجمان کرنل تامر الرفاعی نے بتایا کہ مصری اور امریکی مشترکہ پروگرام برائٹ اسٹار2018کی سرگرمیاں 8 ستمبر سے 20 ستمبر تک جاری رہیں گی۔فوجی مشقوں میں مصر، امریکا، یونان، اردن، برطانیہ،سعودی عرب، امارات، اٹلی اور فرانس کے فوجی حصّہ لے رہے ہیں جب کہ 16 دیگر ممالک بطور مبصّر شریک ہیں۔

تربیتی پروگرام کے مصری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ برائٹ اسٹار مشقیں شریک ممالک کے درمیان عکسری تعاون کے شعبے میں دوستی کے روابط کو مضبوط کرنے کے حوالے سے ایک پْل شمار کی جا رہی ہیں۔ اس دوران تجربات کا تبادلہ اور جدید ترین ہتھیاروں اور جدید ترین ٹکنالوجی کے حامل ساز و سامان کے استعمال کا موقع میسر آئے گا۔فوجی مشقوں کے تربیتی پروگرام کے امریکی ڈائریکٹر بریگڈیئر جنرل جان میٹ نے مسلسل دوسرے برس برائٹ اسٹار مشقوں کی میزبانی پر مصر کی مسلح افواج کے لیے خراج تحسین کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مصر کو خطّے میں اہم ترین تزویراتی شراکت داروں میں شمار کرتا ہے۔ ان مشقوں میں 800 سے زیادہ امریکی فوجی اہل کار شریک ہیں۔امریکی فوجی ترجمان کے مطابق رواں برس برائٹ اسٹار مشقوں کا مقصد مصری مسلح افواج کے برادر اور دوست ممالک کی افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ عمل کو ترقی دینا، مشترکہ بحری اور فضائی فورسز کی کارروائیوں کو منظّم کرنا اور دہشت گردی کے مسلح ٹھکانوں پر حملوں کی تربیت حاصل کرنا ہے۔مشقوں کے دوران سینئر فوجی قیادت کے لیے ایک سیمینار بھی منعقد ہو گا تا کہ تربیتی اور عملی تجربات کا تبادلہ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید :

عالمی منظر -