ماحولیاتی کانفرنس تعطل کا شکار ہونے پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تھائی لینڈ میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس تعطل کا شکار ہوگئی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی میزبانی میں ہونے والی بنکاک ماحولیاتی کانفرنس تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی چھ روزہ کانفرنس بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئی ہے۔ اس صورت حال پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ نوے سے زائد ممالک میں تقریباً ایک ہزار احتجاجی جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کا انتظام کیا گیا۔ ان میں حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ زمین کے تبدیل ہوتے ماحول کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ہزار ہا مظاہرین نے پیرس امن ڈیل پر عمل پیرا ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔ کلائمیٹ چینج پر اقوام متحدہ کی اگلی کانفرنس پولینڈ میں دو دسمبر سے شروع ہو گی جس میں ماحول کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے پر غور کیا جائے گا ۔