مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نوجوانوں ، بچوں اور بوڑھوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے : وزیراعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نوجوانوں ، بچوں اور بوڑھوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا ...
مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نوجوانوں ، بچوں اور بوڑھوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے : وزیراعظم آزاد کشمیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(این این آئی)وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان نے واشگاف الفاظ میں فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی خود دار قوم یا ملک یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ اس کی شہ رگ پر دشمن کا قبضہ ہو ۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہارراجہ فاروق حیدر نے قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد کی شخصیت کے اعجاز کا ہی کرشمہ تھا کہ ریاست کے مسلمان ڈوگرہ استبداد سے نہ صرف نبرد آزما ہوئے بلکہ اپنی قوت بازو سے ریاست کا 32ہزار مربع میل علاقہ ڈوگرہ تسلط سے آزاد کرا لیا۔انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی کہ پاکستان کا حصول ناممکن ہو۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے حضرت قائداعظم کی راہ میں روڑے اٹکائے اور انہیں ہرطرح کی لالچ دی لیکن بانی پاکستان نے ہر دشواری کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا انہوں نے راست بازی، اصول پرستی اور لگن کے ساتھ انگریزوں اور ہندووں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر جد وجہد کا مقصد کشمیر کی آزادی اور اس کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔ بھارتی افواج نے اب تک کشمیری عوام پر ظلم و استبداد کے جو پہاڑ توڑے ہیں تاریخ انسانی میں ان کی مثال مشکل ہی سے ملے گی ۔مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نوجوانوں ، بچوں اور بوڑھوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے۔ساری دنیا سراپا احتجاج ہے لیکن معلوم یہ ہوتا ہے کہ بھارتی حکمران عالمی رائے عامہ سے قطعاً بے نیاز ہیں۔ کسی بھی صورت میں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خود ارادیت دینے کیلئے تیار نہیں۔