ماہ محرم میں حکومتیں سیکورٹی کے ہر ممکن اقدامات کریں،جاوید قصوری

ماہ محرم میں حکومتیں سیکورٹی کے ہر ممکن اقدامات کریں،جاوید قصوری

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے حوالے سے امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے پنجاب سمیت پورے ملک میں فول پرو ف انتظامات ناگزیر ہیں۔ ملک میں مجالس اور عزاداری کا سلسلہ شروع ہے۔ کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں ہر ممکن اقدامات کریں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے۔ بد قسمتی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔

۔ پولیس تفتیش کے دوران غیر انسانی اور وحشیانہ تشدد سے ہلاکتیں اس بات کی متقاضی ہیں کہ پولیس اصلاحات کے عمل کو پورا کیا جائے۔ وزیر اعظم نے تھانہ کلچر اور پولیس اصلاحات کا وعدہ قوم کے سامنے کیا تھا۔قوم انتظار میں ہے کہ دیگر وعدوں کی طرح اس وعدے پر کب عمل در آمد ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے نظریات کا احترام کرتے ہوئے تعاون کی روش کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ شہداء کربلا کی قربانی ہمیں کفر کے سامنے کلمہ حق کہنے اور سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔

حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں نے جس طرح یزید کا مقابلہ کیا اور لازوال قربانی دی اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بھی اپنی زندگیوں کو شہدائے کربلا کے جانثاروں کی پیروی کرتے ہوئے گزاریں اور وقت کے ظالم حکمرانوں کے سامنے جھکنے کی بجائے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات پر من و عن عمل در آمد کریں۔ جانثاران مصطفیٰ نے بارگاہ الہٰی میں جانوں کے نذرانے پیش کرکے وفاداری کو دنیا میں ضرب المثل بنادیا۔ سچے ایمانی جذبے سے ہی زندگی میں رحم و کرم، صبر و استقبال، ہمت و جوانمردی اور شہادت کی آرزو پیدا ہوتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...