8 سبزیوں کے بیجوں کی فراہمی 30اکتوبر تک جاری رہے گی
لاہور(لیڈی رپورٹر) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت 8سبزیوں کے بیجوں کی فراہمی 30 اکتوبر تک جاری رہے گی اور مقررہ مدت تک مطلوبہ پیکٹس کی فراہمی کا ہدف مکمل کیا جائیگا۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ گھریلو سطح پر سبزیوں کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کیلئے عوام الناس کو اعلیٰ معیار، بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل 8سبزیوں مولی، گاجر، شلجم، دھنیہ، پالک، میتھی، سلاد، سر سوں کے بیجوں 116گرام وزنی پیکٹس 50 روپے کی رعایتی قیمت پر فراہم کئے جا رہے ہیں اور یہ بیج کم از کم 5مرلہ کے پلاٹ میں سبزیوں کی کاشت کیلئے کافی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ گھریلو سطح پر اگائی گئی سبزیاں انسانی صحت و تنددرستی کی ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سبزیاں ستمبر کے آخری ہفتہ اور اکتوبر میں کاشت کی جا سکتی ہیں تاہم اگر کچھ افراد اکتوبر میں سبزیوں کی کاشت مکمل نہ کر سکیں تو وہ نومبر کے آغاز میں بھی سبزیاں کاشت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کی کچن گارڈننگ سکیم پر عمل کر کے صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ بازار سے سبزیوں کی خرید پر اٹھنے والے اضافی اخراجات سے بھی بچا جا سکتاہے۔