یوم عاشور آج مذہبی عقیدو احترام سے منایا جائیگا، جگہ جگہ سبیلیں، نیا ز کا اہتمام 

  یوم عاشور آج مذہبی عقیدو احترام سے منایا جائیگا، جگہ جگہ سبیلیں، نیا ز کا ...

  



ٍلاہور،اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ،پشاور(نمائندہ خصوصی،نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں آج منگل کویوم عاشور نہایت عقیدت و احترام سے منایاجائیگا۔ تمام شہروں میں شبیہ ذوالجناح اورتعزئیے کے چھوٹے اوربڑے جلوس نکالے جائیں گے، مجالس عزا برپا ہونگی، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔صوبائی دارالحکومت میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے رات برآمد ہو اجو اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوابھاٹی چوک سے لوئر مال کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا جہاں شام غریباں کی مجالس برپا ہوں گی۔ یوم عاشور کے روز امام بارگاہ ایوان حیدر نیاز بیگ، امام بارگاہ کرنل فدا حسین،جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی، امام بارگاہ در پنجتن شباب چوک سمن آباد، حیدریہ مسجد شاہدرہ ٹاؤن، جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی سمیت شادمان قصربتول، اسلام پورہ پانڈو سٹریٹ، وسن پورہ، مغلپورہ، دھرمپورہ، مصری شاہ، شاہدرہ، جوہر ٹاؤن، ٹیمپل روڈ، گلاب دیوی،جعفریہ کالونی، امامیہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں مجالس عزا بپا ہوں گی اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے۔ دریں اثناء عشرہ محرم الحرام کے باعث شہر کے مختلف لیکن مخصوص مقامات پر مجالس اورعزاداری کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ امسال بھی صوبائی دارالحکومت میں 3سو سے زائد مقامات پر مجالس عزا کا اہتمام کیاجارہا ہے۔ کربلا گامے شاہ، باب الخوائج، بی بی پاکدامن سمیت مختلف امام بارگاہوں اور مجالس عزا والے مقامات پر محرم الحرام کی مناسبت سے تبرکات، علم اوردیگر اشیاء کے سٹالز بھی ہیں، جبکہ کربلا گامے شاہ میں بلاناغہ مجالس ہورہی ہیں۔ مجالس عزا میں آنیوالوں کی تواضح موسم کی مناسبت سے مشروبات اور کھانے سے کی جارہی ہے۔  ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں نویں محرم الحرام کی طرح دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔جلوسوں کے راستوں میں چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔پنجاب میں وفاق کی جانب سے مہیا کئے گئے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوا۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوا جبکہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا۔ پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے۔دریں اثناملک بھر میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے نذرو نیاز تقسیم کرنے کا اہتمام کیاجا رہا ہے۔ لوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری د یں گے اور قبروں کی لپائی کرینگے، گزشتہ رو ز نویں محرم پر شہریوں کی جانب سے مختلف کھانے پکا کر تقسیم کئے گئے جبکہ دودھ اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں۔ صاحب ثروت شخصیات کی جانب سے مٹی کی ٹرالیاں منگوا ئی گئیں ہیں۔

یوم عاشور

مزید : صفحہ اول