یزیدی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہو گا: گورنرپنجاب 

یزیدی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ امت مسلمہ ایک بارپھر یزیدی قوتوں کے سامنے بر سرپیکار ہے، ہمیں حضرت امام حسین ؓکی لازوال قربانی، بے مثل بہادری اور لاثانی ہمت سے سبق لیتے اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت پیدا کرتے ہوئے اپنے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے۔ایک بیان میں گورنر پنجاب نے کہا حق اور باطل، اسلام اور کفر کی معرکہ آرائی روز اول سے جاری ہے اور روز آخر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حق کی بقاء، اسلام کی سربلندی اور بالادستی قدرت کا اٹل اور ابدی فیصلہ ہے جبکہ طاغوتی اور ابلیسی قوتوں کی سرکو بی اور ان کا زوال بھی آئین فطرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہء کربلا کی یادمنانے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار و قربانی اور یکجہتی کا وہی جذبہ بیدار کریں جس کا عملی مظاہرہ امام حسینؓ اور ان کے جا نثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں کیا تھا۔پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والی خواتین پروفیسرزکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹیز کے معاملات میں سیاسی مداخلت کوجرم سمجھتے ہیں جبکہ یونیورسٹیز میں آئین وقانون اور میرٹ کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں تاہم میرٹ اور آئین وقانون سے ہٹ کر کام کر نیوالے وائس چانسلرز سمیت کسی کو معافی نہیں دی جائیگی۔گور نر پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک روشن اور خوشحال پاکستان دینا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ یونیورسٹیز سمیت تمام اداروں کو مضبوط کر نے کے ساتھ ساتھ ان سے سیاسی مداخلت کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جائیگا۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر


loading...