محرم الحرام ‘ پاک فوج کی 3 ‘ رینجرز کی ایک کمپنی سٹینڈ بائی

  محرم الحرام ‘ پاک فوج کی 3 ‘ رینجرز کی ایک کمپنی سٹینڈ بائی

  



ملتان (سپیشل رپورٹر ‘ سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان بر قرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں اور ماتمی جلوسوں کو ہر قدم پہ مانیٹر کیا جا رہے ہیں۔ انہوں کہا کہ پاک فوج کی تین کمپنیاں اور رینجرز کی ایک کمپنی ملتان پہنچ چکی ہے۔اگر ضرورت پڑی تو پاک فوج کو سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کیا جا سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی روایت کا آغاز کیا گیا (بقیہ نمبر10صفحہ12پر )

ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی، عرس مبارک اور دیگر مذہبی ایام میں بھی یہ روایت برقرار رکھی جائے گی تاکہ مسالک کے مابین محبت، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد میں عزاداری کے جلوس کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ پاک فوج اور رینجرز کو سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دے دی گئی ہیں۔ انتظامات کے حوالے سے ضلع کے تمام اداروں نے اپنا بھرپورکردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران 10 محرم کو ڈی سی آفس میں موجود رہیں گے۔ ان ممبران نے امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گزشتہ تین ماہ سے محرم انتظامات میں مصروف ہے۔تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ درجنوں اجلاس منعقد کئے ہیں۔کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان اور اتحاد بین المسلمین کے وفد نے ملتان میں محرم انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس پر مرمت اور سٹریٹ لائٹس کے تمام کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محرم روٹس پر 225 کلوز سرکٹ کیمرے لگائے گئے ہیں اور مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کو ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 500 ریسکیور محرم ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ ان ریسکیور کو جدید آلات، موٹر بائکس، 30 ایمبولن فنسسز اور 10 فائر وہیکلز کی مدد حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل 25 ٹیمیں بھی فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر جلوسوں کے ساتھ موجود رہیں گی۔ عامر خٹک نے بتایا کہ شہر کے بڑے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ان ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے اور پورے پاکستان میں پہلی بار یہ روایت قائم کی جارہی ہے۔ ربیع الاول، عرس اور دیگر مذہبی ایام میں بھی لنگر اور نیاز کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں 15 مقامات پر سبیلیں لگانے کا اہتمام کیاگیا ہے۔ان میں 12 فکس پوائنٹس سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ 3 موبائل سبیلیں ہیں۔شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ میں بھی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز عزاداروں میں نیاز ، جوس اور پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں اور آج 10محرم کو بھی نیاز تقسیم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ10 محرم کو گھنٹہ گھر اور شاہ شمس دربار پر دو دو سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ چوک کچہری،حرم گیٹ،ممتازآباد ،چوک کمہارنوالہ ،سورج میانی اور سیاہی چاون میں ایک ایک سبیل لگائی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے عزاداروں میں نیاز بھی تقسیم کی اور سبیل سے مشروب بھی پلایا۔ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روز دو بار ممتاز آباد جلوس کا وزٹ کیا۔ روٹ کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران کو ہدایات جاری کیں۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ ماتمی جلوس روٹس پر صفائی و ستھرائی کے بہترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا خود ماتمی جلوسوں کے روٹس کی آج نگرانی کروں گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ حیدر ی کمیٹی النگ دہلی گیٹ پر وزٹ کے دوران ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ سے کی گئی ملاقات میں کیا اس موقع پر تحفظ عزاداری کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید طالب حسین پرواز بھی موجود تھے اس موقع پر شیعہ میانی،سوتری وٹ ، قصبہ مڑل کے لائسنسدار ران نے انہیں ماتمی جلوس روٹس پر مسائل کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی کمشنر ملتان نے شعیہ میانی میں ماتمی جلوس روٹ پر فوری طور پر چونے کے چھڑکاﺅ اور ریت ڈالنے سمیت ودیگر مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کئے عامر خٹک نے مزید کہا کہ لائسنسداران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ یقینا تعاون کر رہے ہیں جو کہ ایک احسن اقدام ہے ماتمی جلوس روٹس پر سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ماتمی جلوس روٹس پر سرکاری سطح پر عزاداروں کو شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی ،دودھ ، مشروب کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔

سٹینڈ بائی

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...