شام، ایرانی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر بم باری میں 18جنگجو ہلاک
دمشق(آئی این پی)شام میں نامعلوم طیاروں کی بم باری میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیاں کے 18 ارکان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ "البوکمال میں ایرانی فورسز اور اس کی ہمنوا ملیشیاؤں کے کئی ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں 18 جنگجو ہلاک ہو گئے جن کی شہریت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی"۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق کے سرحد علاقے القائم کے متوازی شامی علاقے البوکمال میں 3 زور دار دھماکے سنے گئے۔ مذکورہ ذرائع نے واضح کیا کہ دھماکوں میں عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں الحشد میں شامل ملیشیاں کے ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔المرصد کا کہنا ہے کہ دھماکے لڑاکا طیاروں کی بم باری کے نتیجے میں ہوئے تاہم ان طیاروں کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی نے شام کی ایک اپوزیشن جماعت کے حوالے سے بتایا ہے کہ فضائی حملوں میں ایران نواز عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کی فورسز کے ہتھیاروں کے گودام کو نقصان پہنچا۔