امام مسجد اور ان کی معذور اہلیہ کو انتہائی بے دردی سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار،حیران کن وجہ بھی بتا دی
سونی پت(دیلی پاکستان آن لائن)ہندوستان کی بڑی ریاست ہریانہ میں پولیس نے مقامی مسجد کے امام اور ان کی معذور اہلیہ کے بہیمانہ قتل کی واردات کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ،زیر حراست ملزم نے قتل کی ایسی وجہ بیان کی ہے کہ جان کر پولیس کے بھی پسینے چھوٹ گئے ۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ریاست ہریانہ میں سونی پت ضلع کے گنور ڈویژن میں مقامی گاؤں کی مسجد کے امام اور خطیب مولانا محمد عرفان اور ان کی معذور اہلیہیاسمین عرف مینا کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جب نمازی صبح نماز کے لیے مسجد میں گئے تو ملحقہ گھر میں دونوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دونوں کو تیز دھار آلے کی مدد سے انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا،امام مسجد نے ایک سال قبل ہی شادی کی تھی اور ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔مانک ماجری گاؤں کی مقامی پولیس نے امام مسجد مولانا عرفان اور ان کی معذور اہلیہ کے قاتل کو گرفتار کر لیا ہے ،ملزم ست بیر اسی گاؤں کا رہائشی ہے اور ملزم کو شک تھا کہ امام مسجد مولانا قاری عرفان نے ان کے گھر پر جادو ٹونا کیا تھا ۔