برطانوی وزیر مملکت کا سیکرٹری خارجہ سے ٹیلی کانفرنسنگ رابطہ، تعاون بڑھانے پر اتفاق

  برطانوی وزیر مملکت کا سیکرٹری خارجہ سے ٹیلی کانفرنسنگ رابطہ، تعاون بڑھانے ...

  

  اسلام آباد (این این آئی) برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاء و دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد نے ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے باہمی تعاون،علاقائی صورتحال،ماحولیاتی تبدیلی اور دولت مشترکہ سمیت متعدد کثیرجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق پاکستان اور برطانیہ تاریخی روابط پر مبنی قریبی تعلقات رکھتے ہیں، فریقین نے باہمی تعاون کے فروغ میں پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں اعلی سطح کے تبادلوں میں تسلسل، قریبی تجارتی و اقتصادی شراکت داری پر زور دیا جبکہ کورونا کے باعث ایک دوسرے کے شہریوں کی بروقت وطن واپسی میں قریبی تعاون کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کا موقف بھی پیش کیااورافغان امن عمل کیلئے پاکستان کی حمایت اور بین الافغان مذاکرات جلد شروع کرنے میں پاکستان کے عزم کی تجدید کی۔ سیکرٹری خارجہ نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کو اجاگر کیااور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوشش غیر قانونی اقدامات ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں سے امن و استحکام کو دریش خطرات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔سیکرٹری خارجہ نے برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔فریقین نے مل کر مشترکہ مفادات میں باہمی تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اتفاق 

مزید :

صفحہ آخر -