تاجر برادری گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائد ہ اٹھائے: چیئر مین سینیٹ

تاجر برادری گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائد ہ اٹھائے: چیئر مین سینیٹ

  

 اسلام آباد (این این آئی) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر پاکستان کی ایک نئی بندرگاہ کے طور پر ابھر رہا ہے اور جلد ہی گوادر صنعتی و سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا لہٰذا کاروباری برادری گوادر میں کاروبار کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے ان خیالات کا اظہار  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ممبر قومی اسمبلی اور پی ایف سی سی آئی کی سابق نائب صدر  ساجدہ ذوالفقار بھی اس موقع پر موجود تھیں چیمبر کے نائب صدر سیف الرحمن خان اورسابق سینئر نائب صدر و یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینٹرملک سہیل حسین وفد میں شامل تھے صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر اب کاروبار اور سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنتا جا رہا ہے لہٰذا کاروباری برادری کو چاہیے کہ وہ گوادر سمیت بلوچستان میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے لہٰذا ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ان کو کاروبار کرنے میں آسانی ہو انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے جس طرح کروناوائرس سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے  ایم این اے ساجدہ ذوالفقار نے اس موقع پر چیمبر کے وفد کو خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے تعمیراتی صنعت کو ایک پرکشش پیکیج فراہم کیا ہے جس سے تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر سمیت دیگر صنعتی زونز میں  سرمایہ کاری کرنے پر اسی طرز کا پیکج دیگر صنعتوں کو بھی فراہم کرے  انہوں نے تجویز دی کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی صلاحیت اجاگر کرنے کے لئے کے پی کے میں ایک سیاحت کانفرنس منعقد کی جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سیف الرحمن خان اورسابق سینئر نائب صدراور یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینٹر ملک سہیل حسین نے قانون سازی کے عمل کی آٹومیشن کرنے کے لئے حکومت کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس سے ملک میں قانون سازی کا عمل تیز ہو گا۔ 

صادق سنجرانی

مزید :

صفحہ آخر -