عوام کو معیاری اور امدادی آٹا کی فراہمی اولین ترجیح ہے، قلندرلودھی 

عوام کو معیاری اور امدادی آٹا کی فراہمی اولین ترجیح ہے، قلندرلودھی 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے پر مردان میں گندف فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے، جبکہ محکمہ خوراک کے ضلعی آفیسر مردان کے خلاف فلور ملز کی  باقاعدہ چیکنگ نہ کرنے تادیبی کاروائی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ یہ احکامات انہوں نے بدھ کے روز مردان اور چارسدہ میں مختلف فلور ملز کے اچانک دورے کے موقع پر دئیے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خوراک نے کمشنر مردان ڈویژن مطہر زیب کے دفتر میں سبسڈائزڈ آٹا فراہمی صورت حال بارے میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ وزیر خوراک نے ضلع چارسدہ میں بھی مختلف فلور ملز کے معائنے کئے اور ضلعی انتظامیہ چارسدہ ساتھ اس حوالے سے تفصیلی ملاقات بھی کی ہے۔ اس دوران وزیر موصوف کو محکمہ خوراک چارسدہ کے ضلعی عملے کے خلاف شکایات موصول ہوئیں جس پر وزیر خوراک نے محکمہ خوراک ضلع چارسدہ کے عملے کے خلاف بھی قانونی کاروائی کے احکامات جاری کیے۔ اچانک دورے کے موقع پر ڈائریکٹرمحکمہ خوراک زبیر احمد و دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر خوراک کے ہمراہ تھے۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور سبسڈائزڈ (امدادی) آٹے کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس موقع پرانہوں نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کی فلور ملز کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنائی جائے اور جو فلور مل گندم کی بروقت پسائی نہ کریں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ متعلقہ آفیسرز کو ملوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر خوراک نے ضلعی آفیسرز کو خبردار کیا کہ جو آفیسر روزانہ کی بنیاد پر فلور ملز کی چیکنگ نہیں کرتا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اچانک دوروں کا یہ سلسلہ جاری ہے، اوروہ اسی طرح بالترتیب دوسرے اضلاع کے بھی اچانک دورے کر رہے ہیں، جبکہ دوروں کا مقصد فلور ملز میں گندم کی بروقت پسائی، ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی اور آٹے کے معیار کا معائنہ کرنا ہے۔ دورے کے موقع پر وزیر خوراک نے ضلع مردان اور ضلع چارسدہ میں فلور ملز مالکان سے ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹا فراہم کرنے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ قلندر خان لودھی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر فلور ملز کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے اور آٹے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیونکہ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -