ایک سال میں پانچ ہزار اقلیتی طلبہ نے فنی کورسز مکمل کئے

  ایک سال میں پانچ ہزار اقلیتی طلبہ نے فنی کورسز مکمل کئے

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ 2019میں مذہبی اقلیتوں کے ہونہار 5000 طلباء پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے مختلف فنی کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 60ملین کے اکنامک پیکیج کی مدد سے مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کے خاتمے کیلئے مختلف تہواروں جیسا کہ کرسمس،ہولی اور بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی خصوصی کاوشوں سے اعلیٰ تعلیمی سرکاری اداروں میں اقلیتی طلبہ کیلئے داخلوں کے خصوصی کوٹہ کا اہتمام جیسے بہت سے بے مثال اقدامات کئے جا چکے ہیں۔

جبکہ مینارٹی ایجوکیشن اسکالرشپ کے تحت(میٹرک سے لیکر پی ایچ ڈی)05 سالہ پروگرام کے تحت سالانہ 25ملین کی رقم مختص کی گئی ہے، جس سے لاکھوں طلباء مستفید ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والی مذہبی اقلیتوں کے ایک وفد سے نیو منسٹر بلاک کے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔وفد نے پنجاب حکومت کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے لیئے کیئے جانیوالے تاریخی اقدامات پر صوبائی وزیر اعجاز عالم کو خراج تحسین پیش کیا  اور صوبائی وزیر کو بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی ویب سائٹ پر 02فیصد کوٹہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ امید ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں میں ماضی کی حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جنم لینے والی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہاکہ  تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنجاب بھر میں مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکج کے تحت مذہبی اقلیتوں کے لئے فلیگ شپ پروگرام تاریخ رقم کرہا ہے جبکہ پنجاب بھر میں ہائر ایجوکیشن سے منسلک تمام تعلیمی اداروں میں مذہبی اقلیتوں کے لئے 2فیصد کوٹہ مختص کیا جا چکا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -