ڈینگی مہم،9ماہ کے دوران 28ہزار سے زائد شہریوں کو نوٹس
لاہور(پ ر) ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس نادر ہال میں ہوا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک اور تمام آلائیڈ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کو ان اور آؤٹ ڈور ڈینگی سروئلنس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.شہر بھر میں 45652 مقامات سے ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا۔یکم جنوری سے اب تک 28668 افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر نوٹس جاری کئے گئے. سال 2019 میں یکم جنوری سے ستمبر تک 825 کنفرم کیسز تھے اور سال 2020 میں یکم جنوری سے اب تک صرف 15 کنفرم کیسز ہیں. ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ شہر بھر میں ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ عوام الناس ڈینگی ورکرز کے ساتھ تعاون کریں. انہوں نے کہا کہ گھروں کی چھتوں اور اپنے اردگرد صفائی ستھرائی رکھیں۔
. ڈی سی لاہور نے کہا کہ موجودہ موسم ڈینگی مچھر کی افزائش کا باعث بن سکتا ہے لہذا ٹیمیں ڈینگی سروئلنس کو تیز کریں. ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ کسی قسم کی سستی اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور نہ ہی برداشت کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے بہترین انداز میں کام کریں. ڈی سی لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے.