بھارت کشمیر کے معاملہ پر کمزور، مذاکرات سے فرار، پاک روس لانگ ٹرم تعلقات ممکن: شاہ محمود قریشی 

  بھارت کشمیر کے معاملہ پر کمزور، مذاکرات سے فرار، پاک روس لانگ ٹرم تعلقات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ماسکو، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ روس کیساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کا امکان موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دو روزہ دورے پر ماسکو راونگی سے قبل اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔وزیرخارجہ کا ڈومو ڈی ڈیوو ائیرپورٹ پہنچنے پر ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ظہور احمد اور روسی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے خیر مقدم کیا۔ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کی دعوت پر دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود آج ماسکو میں منعقد ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ سائیڈ لائن پر روسی ہم منصب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔روس کے دورہ پر روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ ملاقات طے ہے۔روس کیساتھ لا نگ ٹرم تعلقات کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ انرجی سیکٹر میں باہمی تعاون پر بھی بات ہو گی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت دو طرفہ گفتگو کیلئے تیار نہیں کیونکہ کشمیر معاملے پر بھارت کمزور،بھارت کی چین کیساتھ گفتگو بھی حتمی نتیجے پر نہیں بڑھ رہی، منشیات سمگلنگ اور افغان امن کیلئے ایس سی او فورم کردار ادا کر سکتا ہے۔بھارت کا رویہ خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، بھارت ہندوتوا سوچ سے باہر نکلنے کو تیار ہی نہیں۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں سربراہان مملکت کے اجلاس کے حوالے سے 20 دستاویزات زیرغور آئیں گی۔
شاہ محمود
ماسکو (آئی این پی)پاکستان اور تاجکستان نے دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت و حرفت، ٹرانسپورٹ، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کرلیا،دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنا نے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعا و ن کے فرو غ اور مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے جوائنٹ منسٹیریل گروپ اور کثیر الجہتی جوائنٹ ورکنگ گروپس اہم فورمز ہیں، بھارت، بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی کرتے ہو ئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت، اپنی ہندوتوا سوچ کے ذریعے پورے خطے کے امن و استحکام کو دؤا پر لگانا چاہتا ہے۔ بدھ کو ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہریدین کیساتھ ملاقات کی۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہااہم علاقائی و عالمی امور پر ایس سی او سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتے رہے گا۔وزیر خارجہ نے تاجک ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں کورونا وبائی صورتحال اور اس پر قابو پانے کیلئے اپنائے گئے موثر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
پاک تاجک اتفاق


فروغ نسیم ، انور منصور، شہزاد اکبر، فردوس عاشق اعوان کو توہین عدالت کا نوٹس
 پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور ہائیکورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے کیس کا فیصلہ سنانے والی خصوصی عدالت کے جج کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر موجودہ اور سابق وفاقی وزراء کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔پشاور ہائی کورٹ نے سپیشل کور ٹ کے جج کیخلاف وفاقی وزرا ء کے توہین آمیز بیانات کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل ملک اجمل خان نے کہا وفاقی وزرا ء نے پریس کانفرنس میں جج کے بارے میں جو بیانات دیے وہ ہم دہرا نہیں سکتے۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنر ل نے کہا وزیر اعظم نے پریس کانفرنس کی نہ کوئی بیان دیا،لہٰذا ان کا نام نکال دینا چاہیے۔اس پر جسٹس روح الامین نے کہا اس بات کو چھوڑ دیں، آپ لا آفیسر ہیں اور آپ کا کام عدالت کی معاونت کرنا ہے، آپ وزیراعظم اور وزرا ء کے ذاتی ملازم نہیں، وہ اپنا جواب خود دیں گے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا آرٹیکل 204 میں صرف سپریم اور ہائی کورٹس کا ذکر ہے لہٰذا یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔درخواست گزار کے وکیل عزیز الدین کاکاخیل نے کہا آرٹیکل 204 میں سپریم، ہائی کورٹس اور جج کا ذکر ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تفصیلی بحث کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا آپ کو آج ہی تیاری کرکے آنا چاہیے تھی، کیا آپ اگلے سال بحث تیار کریں گے۔ عدالت نے وزیر قانون فروغ نسیم، سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر اور وزیر اعظم کی سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔
توہین عدالت نوٹس

ٍ  دو ڈاکوؤں کی موٹروے پر خاتون سے اجتماعی بد اخلاقی، مقدمہ درج
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں ڈاکوؤں نے تھانہ گجر پورہ کے علاقے میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی بد اخلاقی کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔تھانہ گجرپورہ پولیس کے مطابق خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ جارہی تھی۔ راستے میں پٹرول ختم ہوا تو خاتون نے گاڑی کھڑی کردی شوہر پٹرول لینے چلا گیا پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہو ئی۔ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئے اور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈا کوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کیلئے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ وزیراعلی پنجاب نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
موٹروے بداخلاقی


ٍچینی سکینڈل، لاہور ہائیکورٹ نے شریف فیملی، ترین کی شوگر ملز کیخلاف کارروائی روک دی 
 ٍٍ لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو میاں شہباز شریف فیملی کی العریبیہ شوگرملز اور جہانگیر ترین کی فاروقی پلپ کمپنی کے خلاف شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں کارروائی سے روک دیا۔مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے دونوں ملز کی طرف سے دائر الگ الگ درخواستوں پروفاقی حکومت،ایف آئی اے اور دیگر مدعاعلیہان سے 18ستمبر تک شق وار جواب طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کے ساتھ زورزبردستی نہ کی جائے۔درخواستوں میں وفاقی حکومت،ایس ای سی پی، وزارت داخلہ، ایف آئی اے،وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اورشوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیاء کوفریق بنایا گیاہے اور موقف اختیار کیا گیاہے کہ وفاقی کابینہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی فرد کو مجرم ٹھہرائے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے غیر قانونی طور پر ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو درخواست گزار کمپنی کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ سندھ ہائیکورٹ نے شوگر انکوائری رپورٹ پر شوگر ملز کیخلاف تحقیقات میں طلبی نوٹسز کو کالعدم کیا ہے۔ کمپنیز ایکٹ 2017ء اور سکیورٹیز ایکٹ 2015ء کے تحت ایس ای سی پی کے ریفرنس پر ایف آئی اے تحقیقات کر سکتا ہے۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے کی تحقیقات غیر جانبدار نہیں ہو سکتیں۔ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور نہ ہی اسکو بطور ثبوت پیش کیا جا سکتا ہے۔ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ محض قیاس آرائیوں اور اندازوں پر مشتمل ہے۔ ایف آئی اے کا طلبی نوٹس جاری کرنا آرٹیکل 4، 5، 10(اے) 13(بی)،18، 25اور25(اے) کی خلاف ورزی ہے، ایف آئی اے کی تحقیقات کوکالعدم قراردیاجائے۔
روک دیا


سابق صدر کو عدالتوں مین گھسیٹا جا رہا ہے، نیب کو ایسا سلوک نہیں کر نا چاہئے: بلاول بھٹو زرداری 


میرپور خاص (مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف تمام مقدمات سیاسی اور مذاق سے زیادہ کچھ نہیں، سابق صدر کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے، نیب کو ایسا سلوک نہیں کرنا چاہئے، توشہ خانہ کا نہیں، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی کا حساب لیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حساب ہو تو سب کا ہو، جھوٹا کھیل کھیلنا بند کیا جائے، ایک نہیں دو پاکستان واضح نظر آ رہے ہیں، دوغلا نظام نہیں چلے گا، بتایا جائے وزیراعظم کے خلاف جے آئی ٹی بنے گی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا میرپور خاص میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، بارشوں سے اندرون سندھ میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، میر پور خاص پورا سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، 2011 میں اس طرح کی بارش ہوئی تو پوری دنیا متوجہ ہوئی تھی، ہمیں متاثرین کو ریلیف دینا ہوگا، کسانوں کو ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا آپ پانچ گھنٹے کے ٹرپ پر سندھ نہ آئیں، یہاں آکر بیٹھیں، نظر آئیں، کپتان بن کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں، زراعت ایمرجنسی لگا کر کسانوں کو ریلیف دیا جائے، ہم مشکل وقت میں عوام کیساتھ ہونگے۔
بلاول بھٹو


 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول کی پریس کانفرنس کا مقصد ایک ہی تھا ابو زرداری کو کیوں پکڑا ہوا ہے، خدا کے لئے اپنی کرپشن بچانے کے لئے ملک کے اہم اشوز پر سیاست نہ کریں، ان کو ڈر ہے سندھ کی صفائی کے ساتھ کہیں سندھ کے سیاسی کچرے کا بھی صفایا نہ ہو جائے،سندھ میں پیپلزپارٹی کی تین نسلوں سے حکومت ہے،کراچی اس سلوک کا مستحق نہیں تھا، ہم ایسا کراچی بنائیں گے جہاں جب بارش آئے گی تو گھروں میں پانی نہیں آئے گا۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ یہ ملک کے اہم اشوز کو بھی سیاست کی نظر کر دیتے ہیں، گوداموں میں یہ گندم نہیں چھوڑتے، ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں چھوڑتے۔فرزند زرداری کا اگر بس چلتا تو پورا پاکستان بند ہوتا معیشت رک جاتی۔عمران خان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ کورونا کی وجہ سے بھارت میں 12کروڑ لوگ غربت کا شکار ہوئے۔ غربت کی شرح سندھ میں زیادہ تھی۔ وزیر اعظم نے غربت کی شرح کو دیکھتے ہوئے سندھ میں ریلیف دیا۔ بلاول تو کہتا ہے کہ جب بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے لیکن پانی اور سیلاب سے بچنے کے لئے انہوں نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔ہلکی سی بارش ہوتو کراچی ڈوب جاتا ہے۔یہ چاہتے تھے کورونا میں زیادہ اموات ہوں تا کہ ہم سیاست کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کے پی کے میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہوئی، کے پی کے میں 12 گھنٹوں میں ٹرانسپورٹ اور بجلی بحال کی گئی، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو مدد فراہم کی گئی لیکن سندھ والے ہر چیز میں پیسہ مانگ رہے ہیں۔ سندھ کو دیا گیا پیسہ لوگوں کے لئے ہے یہ فیک اکاؤنٹس کی نظر کر دیتے ہیں۔ ہم ایسا کراچی دینا چاہتے ہیں کہ جب بارش آئے گی تو پانی آئے گا لیکن گھروں میں داخل نہیں ہوگا۔ صوبے سیلاب میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے کو وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اتنے بڑے پیکج کے باوجود سندھ میں نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔
مراد سعید 


بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سمیت 7انویسٹی گیشنز، 12انکوائریز کی منظوری 
 
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو(نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے 7انوسٹی گیشنز اور 12 انکوائریز کی منظوری دیدی جبکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور کرپشن فری پاکستان کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں،اولین ترجیح میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ یا فرد سے نہیں،ریاست پاکستان سے ہے،تمام ڈائریکٹر جنرلز شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں۔بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤ نٹبلٹی نیب،ڈی جی آپریشن نیب، ڈی جیز نیب راولپنڈی،خیبرپختونخوا، سکھراور کراچی نے بذریعہ و یڈ یولنک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عاصم مرتضیٰ خان سابق ایم ڈی،چیف ایگزیکٹو آفیسر،رکن بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ(پی پی ایل) اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ملزمان پر میسرزمورانوفتوڈولے کو تیل و گیس کی تلاش کے ٹھیکہ میں بدعنوانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں 7 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی جن میں المسہ ماڈل ٹاؤن، پروفیسر ماڈل ٹاؤن کی انتظامیہ اور دیگر،بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخوا میں 4الگ الگ انوسٹی گیشنز،ٹیکسٹ بورڈ خیبر پختونخوا کے افسران،اہلکاروں اور دیگر،مرزا خان صوہیرا نی،محکمہ تعلیم اور خواندگی حکومت سندھ کے افسران و اہلکاران اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشنز شامل ہیں۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ جن میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ خیبر پختونخوا میں 6الگ الگ انکوائریز،شوگرسبسڈی سیکنڈل میں شوگر ملز کی انتظامیہ اور دیگر، عبدالرحیم خان،ظہور احمد،عظمت علی شاہ اور حمزہ خان، عرش الرحمان، ایڈیشنل کنٹرولر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان اور دیگر،بنوں شوگر ملز لمیٹڈ کے افسران،اہلکاران،آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے افسران،اہلکاران اور دیگر،سردار خان چانڈیو رکن صوبائی اسمبلی،برہان خان چانڈیو رکن صوبائی اسمبلی،ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران،اہلکاران اور دیگر کیخلاف انکوائریز شامل ہیں۔ اجلاس میں قیصر ولی خان سابق رکن صوبائی اسمبلی،پاک پی ڈبلیو ڈی،ایل جی ای اینڈ آر ڈی ڈی، ٹی ایم اے ٹاؤن،گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان،سابق ضلع ناظم پشاوراور دیگر،لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا،ریونیو ڈپارٹمنٹ ڈی آئی خان کے افسران،اہلکاران اور دیگر،دلاور حسین میمن سی ای او سیپکو سکھر، نظیر سومرو سی ٹی او سکھر اور دیگرکیخلاف انکوائریز اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ سریر محمد سابق ڈی جی پی ڈی اے، محمد طارق سابق جی ایم  پی ڈی اے،عبد الحلیم پراچا سابق ڈائریکٹر پی ڈی اے، مرزا خان ہاؤسنگ آفیسر پی ڈی اے اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
نیب ایگزیکٹیو بورڈ

ایم کیو ایم پاکستان کا لندن میں بانی متحدہ کے گھر سمیت 7 جائیدادوں پر دعویٰ
 لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے لندن میں پارٹی کی 10 ملین پاؤنڈز سے  زائد مالیت کی 7 جائیدادوں پر دعویٰ دائر کردیا۔لندن ہائی کورٹ میں یہ دعویٰ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کی ہدایت پر دائرکیاگیا ہے۔درخواست میں بانی متحدہ اور ان کے بھائی اقبال حسین کے علاوہ  طارق میر،محمدانور، افتخارحسین، قاسم رضا اور یوروپراپرٹی ڈویلپمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔جن 7 جائیدادوں کی ملکیت مانگی گئی ہے ان میں بانی متحدہ کی رہائش گاہ بھی شامل ہے اور  ان سب کی کل مالیت  10 ملین پاؤنڈز (2 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔درخواست میں ایم کیو ایم پاکستان کے وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی ٹرسٹ قوانین کے تحت ایم کیوایم پاکستان ہی ان جائیدادوں کی قانونی طور پر حق دار ہے۔درخواست میں  جائیداد کی فروخت اور ان کے کرایہ وغیرہ کی رقم پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
ایم کیو ایم


پنجاب روز گار سکیم صوبہ کے عوام کیلئے بزدار حکومت کا تحفہ، لائحہ عمل مرتب کرلیا: فیاض الحسن 
 لاہور(آئی این پی) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو روزگار کی فراہمی بزدار حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔صوبہ میں سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کیلئے بزدار حکومت پنجاب روزگارسکیم شروع کرنے جا رہی ہے،جس کے تحت نئے یا موجودہ کاروبار کو فروغ دینے کیلئے تیس ارب رو پے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر فرا ہم کئے جائیں گے،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا سکیم کے تحت امیدواران ایک کروڑ روپے تک کا قرضہ حاصل کر سکیں گے، مرد و خوا تین کیساتھ اب خواجہ سرا بھی قرضوں کے ذریعے معاشی خود کفالت حاصل کرسکیں گے،اس کے علاوہ پنجاب روزگارسکیم میں خواتین کیلئے مارک اپ کم رکھا گیا ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایات پر سکیم کو جلد لانچ کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے،سکیم میں دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ کورونا کے باعث خراب معاشی حالات میں روزگار سکیم کی منظوری پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہے۔بعدازاں ایک بجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کاکہنا تھا ایک شخص کے جانے سے اداروں میں کام نہیں رکتے، وفاقی وزیرفواد چوہدری کو متعدد مرتبہ سمجھایا مگران کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے، وفاقی و صوبائی حکومت میں ہرتعیناتی پر مشاورت ہوتی ہے،میرے خیال میں فواد چوہدری ہمیشہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ باز آنیوالے نہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب میں تعلیم، صحت اور قانون سازی کے شعبوں میں بھی تبدیلیا ں کی گئی ہیں۔ جس کے دماغ کو حکیم لقمان بھی ٹھیک نہ کر سکے اسے کوئی بھی ٹھیک نہیں کر سکتا، آئی جی پنجاب کی تبدیلی معمول کی کارروائی ہے، دو سال کے دوران سندھ میں بھی کئی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ میں نے تین ماہ قبل بھی فواد چوہدری کو سمجھایا تھا لیکن میرا خیال ہے کہ وہ ہمیشہ اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ 
فیاض چوہان


آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کے تبادلے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج، چیف جسٹس آج سماعت کرینگے 


 لاہور(نامہ نگار خصوصی)آئی جی پنجاب پولیس اور سی سی پی او لاہور کے تبادلوں کولاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیاگیاہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمداحمد خان نے درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کے علاوہ سابق آئی جی شعیب دستگیر،موجودہ آئی جی انعام غنی،سابق سی سی پی او ذوالفقار حمید اور موجودہ سی سی پی او محمد عمر شیخ کو فریق بنایاگیاہے۔چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ آج 10ستمبر کو اس درخواست کی سماعت کریں گے۔درخواست میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ موجودہ حکومت نے سیاسی مقاصد کے لئے آئی جی پنجاب اورسی سی پی اوکو تبدیل کیا، یہ تبادلے پولیس آرڈر 2002 ء کی خلاف ورزی ہے۔قانون کے مطابق آئی جی پنجاب کو تین سال کے لئے تعینات کیا جاسکتا ہے جبکہ سی سی پی او کی تعیناتی کے لئے آئی جی پولیس کی سفارش ضروری ہے۔موجود حکومت نے صرف 2 سالوں کے دوران 5 آئی جی تبدیل کردئیے ہیں۔آئی جی پنجاب کا تبادلہ پولیس آرڈر 2002 ء کے سکیشن 12 اور 80 (2) کی خلاف ورزی ہے۔ یہ تبادلے پنجاب بزنس رولز 2011 ء کے بھی منافی ہیں۔درخواست میں ان تبادلوں کو کالعدم کرنے کے علاوہ استدعا کی گئی ہے کہ آئی جی پولیس کی تعیناتی کی مدت تین سال مقررکرنے جبکہ سی سی پی او کی تعیناتی کے لئے آئی جی پنجاب کی سفارش کوضروری قراردیاجائے۔ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے اعتراض عائد کیاہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں تاہم چیف جسٹس محمد قاسم خان اعتراض کیس کے طور پر آج 10ستمبر کو اس درخواست کی سماعت کریں گے۔
تبادلے چیلنج


پاکستانی سینما گھر قصہ دلنشیں، بیشتر شاپنگ سنٹرز، شادی ہالز میں تبدیل 
 لاہور (حسن عباس زیدی)پاکستان میں روائتی سنیماء گھرماضی کا قصہ بننے لگے خاص طور پر ماضی کی فلم نگری لاہور میں چند روائتی سنیماؤں باقی رہ گئے ہیں۔اس وقت لاہور میں جو روائتی سنیماء گھرفعال ہیں ان میں میٹروپول،اوڈین،ملک تھیٹر،پاکستان ٹاکیز اورکیپیٹل کے نام نمایاں ہیں۔ باقی سنیما گھر تھیٹرز،شاپنگ سنٹرز اور شادی گھروں میں تبدیل ہوچکے ہیں جن میں رتن، امپیریل،ایمپائر، انگولا،صنم، نغمہ، مبارک،محفل،کراؤن، تاج،شمع،ریکس،روالی،فردوس، الممتاز،گیلیکسی،لیرک،وینس،شیش محل،ناز،نگینہ،شالیمار، ترنم،سٹی،نگار،رٹز، سنگیت، تاج,پلازہ اور انگوری شامل ہیں۔ان سنیماؤں میں غریب اور مڈل کلاس شہری فلمیں دیکھنے آتے تھے۔پاکستان میں گزشتہ چند سالوں کے دوران نئے اور جدید سینماء گھروں کی تعمیرات میں اضافہ ہوا ہے، فلم انڈسٹری کے ریوائیول کے ساتھ ہی نئے سنیماء گھروں کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے سرمایہ کاروں نے سنیماء گھروں میں سرمایہ کاری شروع کی ہوئی تھی۔ملک میں بالی ووڈ کی فلموں کی بندش کے بعد رہی سہی کسر کرونا وائرس نے پوری کردی اور سنیما انڈسٹری ایک بار پھر بدترین بحران کا شکار ہوگئی۔کئی ماہ سے پاکستانی سنیماؤں میں کسی بھی فلم کی نمائش نہیں کی گئی ہے۔بالی ووڈ کی فلموں کی نمائش کی وجہ سے ملک کے بڑے شہروں میں جدید طرز کے ملٹی پلکس سنیماء گھر تیار کئے گئے اور بعد میں چھوٹے شہروں میں بھی سنیماء بنائے جا رہے تھے۔ پورے ملک میں سنیماء گھروں کی تعمیرات میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ جبکہ کچھ پرانے بوسیدہ روائتی سینماء گھروں کو بھی جدید طرز پر بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ اس سلسلے میں پرنس اور شبستان سنیماء کو تزین و آرائش کے بعد جدید بنایا گیا تھا۔سینکڑوں کی تعداد میں قائم پاکستان میں سنیماء گھروں کی تعداد نا ہونے کے برابر رہ گئی تھی جس کی وجہ لالی ووڈ کی فلموں کا نا بننا تھا جبکہ متعدد سینماء مالکان نے سنیماء گھروں کو فروخت کرکے رہائشی عمارتیں یا شاپنگ سنٹر بنا دیا تھا۔ اب جبکہ پاکستان میں نئے سرے سے لالی ووڈ انڈسٹری کا دوبارہ جنم ہوا اور فلمیں باکس آفس پراچھا بزنس کرنا شروع ہوئیں تو سنیما انڈسٹری میں سرمایہ کاری تیز ہونے لگی۔ اس کی بنیادی وجہ پاکستان میں بالی ووڈ کی فلموں کی نمائش کو قرار دیا گیا جبکہ لالی ووڈ کی فلمیں پاکستان میں اچھا بزنس کرتی دکھائی دے رہی تھیں تو ایسے حالات میں سنیماء ایک منافع بخش کاروبار بنتا جارہاتھا لیکن اچانک پاک بھارت تعلقات میں خرابی کے باعث پاکستان میں سنیما انڈسٹری زبردست دھچکا لگا۔ پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، مری، گوجرانوالہ، گجرات، حیدرآباد، لاڑکانہ، راولپنڈی میں جدید طرز کے سنیماء گھروں کی تعمیرات مکمل ہوکر فلموں کی نمائش جارہی تھی جبکہ  پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں بھی نئے ملٹی پلکس سینماء گھر نمائش کے لئے کھولے گئے تھے۔ عوامی حلقوں سمیت فلم انڈسٹری کی شخصیات نے نئے سنیماء گھروں کی تعمیرات کو فلم انڈسٹری کے مستقبل کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جتنے زیادہ سنیماء گھر پاکستان میں ہوں گے پاکستانی فلموں کو اتنا ہی زیادہ بزنس ملے گا۔ ہدایتکار سید نور،احسن خان اور سٹار میکر جرار رضوی نے کہا تھا کہ نئے سنیماء گھروں کی تعمیر سے فلموں کے باکس آفس پر اچھا رسپانس مل رہا تھا۔ اداکارہ،ماڈل اور پرفارمر میگھا نے کہا تھاکہ نئے سینماء گھر پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے سود مند ثابت ہورہے تھے۔سینئر اداکارہ عذرا آفتاب، ادکارہ و ماڈل مایا سونو خان،ثناء،نیلم منیر خان،مایا علی،فلک اور رزکمالی نے کہا تھا کہ نئے سنیماء گھر پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرہے تھے۔ سینئر اداکارہ وماڈل صائمہ نوراوراداکارہ،ماڈل نے کہا تھاکہ پاکستان میں معیاری فلم سازی ہورہی تھی ملک میں جتنے زیادہ سنیماء گھرہوتے ہماری فلمیں اور فلم پر سرمایہ کاری کرنے والے دونوں ترقی کرتے۔ معروف فلم پروڈیوسر چوہدری اعجاز کامران،میاں راشد فرزند،پرویز کلیم،سید فیصل بخاری،پروڈیوسریار محمد شمسی صابری،سید جہانزیب علی اور یامین ملک نے کہا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی پر نئے سینماء گھروں کی تعمیرات براہ راست اثر کررہی تھی اور پاکستانی فلموں کے فروغ ملنے کے ساتھ نئے نئے سرمایہ دار بھی فلموں پر سرمایہ کاری کررہے تھے مگر بالی ووڈ کی فلموں کی بندش کے بعد رہی سہی کسر کرونا وائرس نے پوری کردی، اس وقت ہر شخص پریشان ہے۔سینئر اداکارو ڈائریکٹر سہراب افگن،اشرف خان،راشد محمود،خالد بٹ،آغا عباس،آغا حیدر،عباس باجوہ اور ظفر عباس کھچی نے کہا تھا کہ نئے سنیماء وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں سنیماؤں کی تعداد جتنی زیادہ ہوگی فلمیں کم وقت میں اپنا بجٹ نکالنے کی پوزیشن میں آئیں گی۔سنیماء گھروں پر سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
پاکستانی سنیما

  احساس کیش پروگرام،37 لاکھ جعلی شناختی کارڈ پکڑے جانے کا انکشاف 
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان کے عالمی وبا ء کورونا کے دوران شروع کئے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوران 37 لاکھ جعلی شناختی کارڈ پکڑے جانے کا انکشاف ہوا ہے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے جعلی شناختی کارڈز سے متعلق رپورٹ پیش کردی رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ جعلی شناختی کارڈز کے ذریعے 44 ارب روپے وصول کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی پنجاب کو 2017 کی مردم شماری کے مطابق 8 فیصد کم مالی امداد ملی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کو 9 فیصد اور خیبرپختونخوا کو ایک اعشاریہ 28 فیصد زیادہ امداد ملی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 3کروڑ 31 لاکھ خوشحال افراد جبکہ 8 لاکھ 96 ہزار سرکاری ملازمین کی درخواستیں مسترد کیں وزیراعظم نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو مستقبل کیلئے ڈیٹا درست کرنے کی ہدایت کردی۔
جعلی شناختی کارڈ

پہلی اسرائیلی ماڈل کا متحدہ عرب امارات کے صحرا میں ”بے باک“فوٹو شوٹ
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)پہلی بار ایک اسرائیلی ماڈل متحدہ عرب امارات پہنچیں اور وہاں انہوں نے اماراتی نژاد روسی ماڈل کے ساتھ فوٹوشوٹ بھی کروایا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق خواتین کے زیر جامہ بنانے والے اسرائیلی برانڈ (فکس) کی تشہیر کیلئے اسرائیلی ماڈل مے ٹیگر فوٹو شوٹ کے لیے دبئی پہنچیں۔مے ٹیگر نے متحدہ عرب امارات کی رہائشی روسی نژاد ماڈل انستاسیا کے ساتھ مل کر دبئی کے صحرا میں خواتین کیلئے اس کا فوٹو شوٹ کروایا۔اسرائیلی ماڈل براہ راست اسرائیل کے پاسپورٹ پر نہیں آئی تھیں بلکہ یورپ کے کسی دوسرے ملک کے پاسپورٹ کے تحت یورپ کے ذریعے ہی متحدہ عرب امارات پہنچی تھیں۔اسرائیلی ماڈل نے متحدہ عرب امارات کی ماڈل کے ساتھ دبئی کے صحرا میں کرائے گئے فوٹوشوٹ کے دوران اپنے ملک کا جھنڈا بھی اماراتی سرزمین پر لہرایا۔دونوں ماڈلز کی وائرل ہونے والی تصاویر میں دونوں کو جسم پر اپنے اپنے ملک کا قومی پرچم پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پہلی اسرائیلی ماڈل کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی برانڈ کی تشہیر کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک کے دوران جلد ہی ثقافتی تعلقات بھی بحال ہوجائیں گے۔ اسرائیلی ماڈل کی عرب ملک میں تشہیر کے بعد اسرائیلی فلم و ڈراما سازوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے اور اسرائیلی شوبز پروڈکشن ہاؤس دبئی جاکر فلمیں اور ڈرامیں بنا سکیں گے۔ 
فوٹو شوٹ


 ا ی سی سی اجلاس،برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی اور آر ایل این جی کے ریٹ کی منظوری دیدی
 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)  مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے اجلاس میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز سپیکٹرم کے لئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ مشیرخزانہ کی سربراہی میں وزراء آئی ٹی، صنعت و پیداوار، منصوبہ بندی اور مشیر تجارت پر مشتمل کمیٹی فائیو جی سروسز سے متعلق امور کا جائزہ لے کر پی ٹی اے کو سفارشات دے گی۔ اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے لئے فیصلے میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔نئے فیصلے کے مطابق 33ارب سے زائد رقم 10سے 20سال کے لئے مارک اپ سبسڈی پر ہوگی۔چار ارب77کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ موجودہ مالی سال کے مارک اپ کی مد میں فراہم کی جائے گی۔ای سی سی نے برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی اور آر ایل این جی کے ریٹ کی منظوری دے دی۔روایتی نرخ پاور ڈویژن کی طرف سے جولائی اگست کے دوران کی گئی ورکنگ پر ہوں گے۔برآمدی شعبے کو 7.7سینٹ فی کلوواٹ پر جولائی اگست کے لئے بجلی فراہم کی جائے گی۔جاری مالی سال کے بقیہ مہینوں کے لئے یہ نرخ 9سینٹ فی کلوواٹ ہوں گے۔ان شعبوں میں قالین سازی، لیدر مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور ٹیکسٹائل سیکٹر شامل ہیں۔ جبکہ آلو کی برآمد پر پابندی سے متعلق فیصلہ موخر کردیا گیا۔ آلو کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہو گا۔
ای سی سی اجلاس 


امریکی سفیر زلمے خلیل کی امن مذاکرات سے قبل ملا برادر، عبدالحکیم حقانی سے ملاقات
کابل(این این آئی) افغانستان مفاہمتی عمل کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان حکومت کی نمائندگی کرنے والی ٹیم سے امن مذاکرات کی وجہ سے طالبان مذاکرات کاروں کی نئی ٹیم کے سربراہ کے ساتھ دوحہ میں ملاقات کی ہے غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ مذاکرات امریکا اور طالبان کے درمیان ایک معاہدے کے نتیجے میں 5 ہزار قیدیوں کی رہائی میں سے آخری نصف درجن کی رہائی کے بعد دوحہ میں شروع ہونے ہیں توقع کی جارہی تھی کہ افغان مذاکرات کاروں کی ٹیم رواں ہفتے کابل سے دوحہ کے لئے اڑان بھرے گی تاہم وہ افغان حکومت کی طرف سے اس اشارے کے منتظر ہیں کہ رہائی جس پر مغربی حکومتوں نے اعتراض کیا ہے کب عمل میں آئے گی طالبان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبد الغنی برادر اور طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے نئے سربراہ عبدالحکیم حقانی نے زلمے خلیل زاد کے علاوہ قطر کے نائب وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی انہوں نے کہا کہ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی اور بین الافغان مذاکرات کے فوری آغاز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا افغانستان میں مقیم تین طالبان کمانڈروں نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں زمین پر موجود سینئر جنگجوؤں نے مذاکرات میں ملا برادر کے غلبے کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو موقع پر فیصلے کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے دو سینئر طالبان عہدیداروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان کے سابق شیڈو چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی، مذہبی اسکالرز کی اپنی ایک طاقتور کونسل کے سربراہ بھی ہیں ایک عہدیدار نے بتایا کہ حبیب اللہ اخونزادہ نے عبدالحکیم حقانی پر گروپ کے کسی اور سے زیادہ اعتماد کیا عہدیدار نے کہا کہ ان کی موجودگی کا بنیادی طور پر مطلب یہ ہے کہ ہمارا سپریم لیڈر خود ہی امن مذاکرات میں شرکت کرے گا کابل سے امن عمل کے بعد آنے والے ایک سفارتکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملا برادر اثر انداز ہوسکتے ہیں لیکن عبدالحکیم اللہ حقانی سینئر ہیں۔
ملاقات

امارات، اسرائیل امن معاہدہ کرانے پر ٹرمپ نوبیل امن انعام کیلئے نامزد
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن سمجھوتے کو عملی شکل دینے کیلئے ٹھوس کردارادا کرنے پر نوبل امن ایوارڈ کے لئے نامزد کردیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ناروے کی پارلیمینٹ اور ایوارڈ کمیٹی کیرکن کرسچین ٹائیبرنگ نے امریکی ٹی وی چینل ”فوکس نیوز“ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں دی جو نامزدگی کا فیصلہ کرنے کے بعد پہلی مرتبہ کسی ٹی وی چینل کو دیا گیا۔ جیوری کے رکن نے بتایا کہ ”ان کے خیال میں صدر ٹرمپ کے دوسرے نامزد افراد کی نسبت مختلف ممالک کے درمیان امن کے قیام کے لئے خدمات سب سے زیادہ ہیں۔  مسٹر ٹائیبرنگ نے ”فوکس نیوز“ کو بتایا کہ کمیٹی کے لئے سفارشی خط میں نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کوششوں سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان جو امن سمجھوتہ ہو ہے وہ مشرق وسطی میں ”گیم چینجر“ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس کے بعد دوسرے عرب ممالک بھی یو اے ای کی تقلید کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازعے کو ختم کرنے اور شمالی اور جنوبی کوریا کو قریب لانے کیلئے قابل کردار بھی ادا کیا۔
ٹرمپ

دو سال میں 5آئی جیز کی تبدیلی محکمہ کیساتھ مذاق، انعام غنی کیلئے بھی بڑا چیلنج 
سابق آئی جی پنجاب ظفر عباس لک نے کہا کہ پنجاب پولیس کے نئے سپہ سالار انعام غنی کو نتائج دینا ہوں گے لیکن انہیں ایک بات یاد رکھ لینی چاہیے کہ یہ اسی وقت ممکن ہو گا جب پولیس میں میرٹ کی حکمرانی کا بول بالا اور محکمہ کو سیاسی مداخلت سے پا ک کیا جائے گا۔وہ ایشو آف دی ڈے میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا پنجاب میں سیاسی مداخلت سے پولیس آٹھ دہائیوں سے پاک نہیں ہو سکی اگر نئے سپہ سالار کو کچھ پولیس کی خدمت کرنا ہے تو سب سے پہلے اس محکمہ میں سیاسی مداخلت کو نظر انداز کرنا ہو گا۔ ا س کیساتھ میرٹ کی حکمرا نی کا بول بالا کرنا ہو گا کیونکہ تھانہ کلچرکی تبدیلی کیلئے واحد حل یہی ہے۔ دو سال کے اندر پانچ سے زائد آئی جی تبدیل اور چھٹے کو مقرر کرنا محکمہ کیساتھ مذاق ہے۔اگر یہی عالم رہا تو نئے سپہ سالار بھی کچھ نہیں کر سکیں گے۔ 
ظفر عباس ملک


ہم کہتے چلے آ رہے ہیں بہتری کیلئے سرکاری افسران نہیں وزیر اعلیٰ کو بدلیں 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ ہم تو پہلے دن سے یہ بات کہتے چلے آ رہے ہیں پنجاب کے آئی جی یا پھر چیف سیکرٹری کو نہیں وزیر اعلی کو بدلو کیونکہ وہ اس قابل نہیں کہ صوبے میں حکمرانی کر سکیں،یہ وہی صوبہ پنجاب ہے جب اس کے وزیر اعلی شہباز شریف تھے تواس کی مثالیں باقی صوبوں کے عوام بھی دیا کرتے تھے مگر آج اسی صوبہ کوبد ترین صوبے میں تبدیل کرکے رکھ دیا گیاہے۔ایشو آف دی ڈے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا اب تک انہوں نے چھ آئی جی تبدیل کر لئے ہیں مگر ایک وزیر اعلی کو نہیں تبدیل کیا جو صوبے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ اسی طرح کئی مرتبہ چیف اور محکموں کے سیکرٹریز کو بھی تبدیل کیا مگر نتیجہ صفر جمع صفر ہی نکلا،ریکار ڈنے ثابت کیا ہے وزیر اعلی کی تبدیلی تک صوبے میں امن وامان کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی۔
رانا راشد


پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب کا بھی بیڑہ غرق کر دیا  
اے این پی کے مرکزی رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ اب توہمارا صوبہ پنجاب کی امن و امان کی حالت اور ماضی کی ترقی کے سفر کو رکتے دیکھ کر دل دکھتا ہے جس طرح سے اپنی نا قص حکمرانی سے پہلے پی ٹی آئی نے کے پی کے کا بیڑہ غرق کیا ٹھیک اسی طرح سے اب پی ٹی آئی نے پنجاب کی گڈ گورنینس اور یہاں کی امن و امان کی صورتحال کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے۔وہ ایشو آف دی ڈے میں اظہار خیال کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی جی کو جب آپ کام نہیں کرنے دیں گے اور اس کو یہ ہی علم نہیں ہو گا کہ اس کی تعیناتی کی مدت کتنی دیر تک ہے تو وہ ڈلیور بھی نہیں کر سکے گا، جس آئی جی کے ماتحت افسر کو بھی آپ خود لگائیں گے تو پھر وہ اپنی ٹیم سے کیسے کام لے گا،انہیں مرضی کو ٹیم بنانے دیں گے تو اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
غلام بلور

وزیراعظم سے پوچھا جائے ایک وزیراعلیٰ کے بدلے کتنے افسرقربان کرینگے
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دو سالوں میں امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ اب تو لاہور جیسے شہر جہاں وزیر اعلی‘ آئی جی اور چیف سیکرٹری سمیت پوری صوبائی حکومت رہائش پذیر ہے وہاں پر بھی دن دیہاڑے سٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں۔صوبے کے باقی اضلاع کا کیا حال ہو گا اس کا اندازہ آپ اچھی طرح سے خود ہی لگا لیں۔ اب یہ بات تو وزیر اعظم عمران خان کو بتانی پڑے گی کہ وہ اپنے ایک وزیر اعلی کو بچانے کی خاطر اور کتنے آئی جی قربان کریں گے۔ایشو آف دی ڈے میں بات کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا وزیر اعظم سے پوچھاجانا چاہئے کہ دو سال میں چھ آئی جیز،کئی چیف اور سیکرٹریز بدلے مگر کارکردگی زیر و کیونکرہے۔
لیاقت بلوچ


موجودہ حکمران اناڑی جتنے افسران تبدیل کر لیں صوبہ کی حالت بہترنہیں ہونیوالی 
پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ایک کٹھ پتلی حکمران ہیں،ان کو گورننس اور حکمرانی کا علم ہی نہیں،چونکہ یہ خود اناڑی ہیں اسلئے یہ جتنے مرضی آئی جی یا پھر سرکاری افسران تبدیل کر لیں صوبے کی حالت میں بہتری آئے گی اور نہ ہی گڈ گورننس بہتر ہو گی۔وہ ایشو آف دی ڈے میں اظہار خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہا اب تک کی حکومتی کارکردگی سرکاری افسران بدلو مہم ہی ثابت ہوئی ہے۔صوبے کو اچھی حکمرانی اور گڈ گورننس تجربہ کار سیاسی جماعت اور حکمران ہی دے سکتے ہیں،انہوں نے تو پنجا ب کو اپنی تجربہ گاہ میں تبدیل کررکھا ہے، جب تک یہ حکمران خود اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے گھر نہیں جائیں گے تب تک یہ جتنے مرضی افسران کو تبدیل کرلیں تب تک کچھ بھی نہیں ہو گا۔
کائرہ

 سی سی پی او لاہور کا موبائل فون سننے
 پر وارڈن نے چالان کر دیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریفک وارڈن نے پرائیویٹ گاڑی میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور موبائل فون سننے پر سربراہ لاہور پولیس کا چالان کاٹ دیا۔ سی سی پی او محمد عمر شیخ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کیلئے جان بوجھ کر سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی خلاف ورزی کی، جس پر ٹریفک وارڈن نے 500 روپے کا چالان کر دیا۔سی سی پی او نے چالان کی آن لائن ادائیگی کر دی جبکہ ٹریفک وارڈن خرم سمیت 3 وارڈنز کیلئے تعریفی سند اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ عام سائل کی طرح تھانہ شمالی چھاؤنی پہنچے اور موٹر سائیکل چوری کی درخواست دی، فوری رہنمائی اور درخواست موصول کرنے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔سی سی پی او نے تھانہ شمالی چھاؤنی کا جائزہ لیا اور ریکارڈ چیک کیا۔ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے کرائم کی صورتحال پر بریفنگ لی۔ 
چالان


امارات اسرائیل امن معاہدہ کرانے پر ٹرمپ نوبیل امن انعام کیلئے نامزد
 واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی امن معاہدے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کردیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نوبیل امن انعام کیلئے ناروے کے رکن پارلیمنٹ کرسچیئن ٹائیبرنگ جیڈی نے تجویز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال سے نوبیل انعام کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں ڈونلڈ ترمپ نے امن کے قیام کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے‘۔
 نوبیل امن انعام کیلئے نامزد

 اورنج لائن ٹرین آئندہ ماہ اکتوبر
 میں چلائے جانے کا امکان
 لاہور (آن لائن) سابقہ دورہ حکومت کے مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹ اورنج لائن ٹرین سروس کا آغاز رواں سال اکتوبر میں کئے جانے کا امکان ہے بتایا گیا ہے کہ ٹرین کو چلانے کے سلسلے میں ماہرین نے ٹرین چلانے کے تمام ٹرائل مکمل کرلئے ہیں۔ جبکہ بدھ کے روز بھی اورنج لائن ٹرین سروس کو باقاعدہ روٹ پر چلا کر ٹرین کے آٹومیٹک سسٹم کا ٹرائل کیا گیا جو سسٹم کے مطابق پرفیکٹ ثابت ہوا۔ 
 اورنج لائن ٹرین


بھارت آج با ضابطہ طور پر رافیل طیارے اپنی فضائیہ میں شامل کریگا
 نئی دہلی (آن لائن)  بھارت آج  (جمعرات کو) با ضابطہ طور پر  رافیل لڑاکا طیارے  امبالہ ائر فورس اسٹیشن  پر   اپنی فضائیہ میں  شامل کریگا۔  بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق  یہ طیارہ 17 اسکواڈرن، "گولڈن ایروز" کا حصہ ہوگا۔آئی اے ایف کے پہلے پانچ طیارے 27 جولائی کو فرانس سے ائیر فورس اسٹیشن، امبالا پہنچے۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور فرانس کی مسلح افواج کے وزیر فلورنس پارلی اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھڈوریا، سیکرٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار، ڈاکٹر جی ستیش ریڈی، سیکریٹری محکمہ دفاع آر اینڈ ڈی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او کے ہمراہ وزارت دفاع کے دیگر اعلی افسران اور مسلح افراد  بھی موجود ہونگے۔ افواج کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرنے کے لئے افواج موجود ہوں گی۔فرانسیسی وفد کی نمائندگی ایمانوئل لینین،  بھارت  میں فرانس کے سفیر، ایئر جنرل ایرک اوٹیلیٹ، فرانسیسی فضائیہ کے وائس چیف آف ایئر اسٹاف اور دیگر اعلی عہدیدار کریں گے۔ تقریب کے دوران فرانسیسی دفاعی صنعت کے سینئر عہدیداروں کا ایک بڑا وفد جس میں ا ایرک ٹراپیئر چیئرمین اور ڈاسالٹ ایوی ایشن کے چیف ایگزیکٹو اور ایم بی ڈی ایا ایرک بیرنگر شامل ہوں گے۔
بھارت

توشہ خانہ ریفرنس،  اشتہاری،  فرد جرم عائد، قائد مسلم لیگ (ن) کی جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ، عدالت نے پراپرٹیز کی تفصیلات طلب کر لیں 


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کر دی گئی اورچارج شیٹ ملزمان کے حوالے کر دی گئی، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کی۔ آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف زرداری اور مجھ پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، ہم نے انکار کیا ہے کہ قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، عدالت کو بتایا سمری قانون کے مطابق منظور کی، قواعد کے خلاف کوئی کام نہیں کیا۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا جن کا کیس سے کوئی تعلق نہیں وہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ عدالت نے نیب گواہان کو طلب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ عدالت نے نیب سے نواز شریف کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں۔ احتساب عدالت نے 7 روز میں نواز شریف کی پراپرٹیز کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔قبل ازیں نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے اشتہار کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں، نواز شریف کا مفرور قرار دینے کی کارروائی کو چیلنج کرنا ثبوت ہے کہ وہ اس بارے میں آگاہ ہیں۔نیب نے کہا کہ نواز شریف نے توشہ خانہ کیس میں سوالنامے کا جوا

مزید :

صفحہ اول -