ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل میں امن مشاعرہ

       ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل میں امن مشاعرہ

  

ملتان (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ شعراء اپنے تخیلاتی انداز فکر کی بدولت معاشرے کے جذبات، خیالات، رسم ورواج،(بقیہ نمبر11صفحہ 6پر)

فنون لطیفہ،تہذیب و ثقافت اور مسائل کی عکاسی کرتے ہیں،ہمارے خطہ کے شعراء نے ہمیشہ امن کا پیغام عام کیا ہے،شعراء کی طرف سے چلایا گیا امن کا قافلہ ضرور منزل مقصود پر پہنچے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب آرٹس کونسل ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی تقریبات اور سمر فیسٹول کے سلسلے میں منعقدہ امن مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امن مشاعرہ کے صدر محفل پروفیسر ڈاکٹر محمد امین جب کہ مہمان خاص خالد مسعود خان اور کنٹرولر ریڈیو پاکستان ملتان کوثرثمرین تھیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیراہتمام  امن مشاعرہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ہمارے خطے کا اپنا انداز فکر ہے جس کی عکاسی ہمارے شعراء اپنی شاعری کی صورت میں پیش کرتے ہیں،امن کا فروغ ہمارا نصب العین ہے اور رہے گا۔امن مشاعرے اب ہمارے معاشرے کی ضرورت ہے۔ترجمان حکومت پنجاب  سبین گل خان ایم پی اے نے کہا کہ ہمارے شعراء کرام امن کے حقیقی پیامبر اور سفیر ہیں،انہوں نے اس خطہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ امن کا درس دیا ہے،یہی وجہ ہے کہ یہاں کے لوگ امن پسند اور میٹھی زبان کے حامل ہیں،ہماری حکومت امن پسند شاعری کے فروغ کے لیے شعراء کے ساتھ ہے جس سے ہمارے امن پر مبنی عقائد کا  پرچار دنیا تک پہنچے گا اور وطن پاکستان کا امیج بہتر ہو گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملتان قمر الزمان قیصرانی نے کہا کہ شعراء قابل عزت شخصیات ہیں،وہ اپنی شاعری کے ذریعے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کی راہیں متعین کرتے ہیں،ضلعی انتظامیہ ملتان پر امن شاعری کے فروغ واحیا کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔ضلعی انتظامیہ کے امن مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء پروفیسر ڈاکٹر محمد امین،خالد مسعود خان،کوثر ثمرین،قمر رضا شہزاد،رضی الدین رضی،تحسین غنی،نوازش علی ندیم، عباس ملک، سلیم قیصر،ضیاء ثاقب بخاری،طفیل بلوچ،اکبر ہاشمی،لقمان ناصر،شاکر حسین شاکر،رضوانہ تبسم درانی،سید سہیل عابدی،معظم اور سید محمد رافع نے اپنا کلام سنا کر خوب داد سمیٹی۔امن مشاعرے میں ننھی طالبہ اشال مغیث کی انگلش نظم اور شکنتلہ دیوی کی گیت پرفامنس کو بھی خوب سراہا گیا۔بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شعراء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔امن مشاعرہ میں کمپئرنگ کے فرائض معروف دانشور شاکر حسین شاکر اور جویریہ انعم نے انجام دئیے۔

امن مشاعرہ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -