خواتین کا صحافت اور سیاست میں کلیدی کردار ہے: کامران خا ن بنگش 

خواتین کا صحافت اور سیاست میں کلیدی کردار ہے: کامران خا ن بنگش 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقا ت عامہ اور بلدیات کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ خواتین صحا فتی و سیا سی میدانو ں میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے فر سودہ تصورات کو توڑنے کے لئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن میڈیا سنٹر کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ''بلدیاتی انتخابات، خواتین کی شرکت اور مقامی حکومت میں اس کی اہمیت'' کے بارے میں پانچ روزہ الیکٹرانک میڈیا کورس کے افتتاحی اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اختیارات کی نچلی سطع تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے حکومت نے اس سال صوبائی فنانس کمیشن کے ذریعے لوکل گورنمنٹ کے لئے 46 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے پراونشل فنانس کمیشن کے ذریعے بجٹ کا 30 فیصد بلدیاتی اداروں کو دیا جبکہ اس کے برعکس سندھ اورپنجاب نے پراونشل فنانس کمیشن قائم کئے لیکن بلدیاتی اداروں کو ایوارڈز نہیں دیئے۔ جس سے ظاہر ہوتاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں عوام کو با اختیار بنانا چاہتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن اس سال کورونا کے باعث نہ ہو سکے تاہم اس کے جلد انعقاد کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے۔معاون اطلاعات و بلدیات نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مزید شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیئے ڈیش بورڈز بنا دیئے گئے ہیں ہر ضلع میں محکمہ بلدیات کے مقامی دفتر کے نوٹس بورڈ پر ضلع کو ملنے والے فنڈز کی تفصیل، منصوبے اور اخرجات درج کیے جائیں تاکہ عوام اپنے نمائندوں سے باز پرس کرسکیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیاحت اور کھیلوں کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور ارباب نیاز سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ حیات آباد سپورٹس کمپلکس پی ایس ایل کے میچز کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ  تقریب کا انعقاد وومین میڈیا سینٹر نے نیشنل انڈوومنٹ فار ڈیموکریسی کے زیر اہتمام کیا گیا اورعالمی وبا کے دوران محفوظ ماحول میں مکمل ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنایا گیا۔5 روزہ تربیتی ورکشاپ کے اس ابتدائی اجلاس میں شرکاء کو صحافت اور میڈیا سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کی اہمیت اور بلدیاتی انتخابات کے نظام میں شفافیت کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔زوم کے ذریعہ ویمن میڈیا سنٹر کے سینئر پروگرام اسسٹنٹ ارجے عتیق نے خواتین شرکا اور صحافیوں کو فیلڈ رپورٹنگ کی موثر عملی تربیت کی فراہمی سے متعلق بااختیار بنانے کے لئے ویمن میڈیا سنٹر کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویمن میڈیا سنٹر کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ پشاور کی نامور یونیورسٹیوں کی طالبات اس تربیتی ورکشاپ کا حصہ بنیں ہیں۔واضح رہے کہ تقریبا، 25 شرکااس ورکشاپ کا حصہ ہیں اور فیلڈ رپورٹنگ کے ساتھ صحافت کی انوکھی تربیت کے بارے میں جاننے کے خواہاں ہیں، جس میں کیمرہ ہینڈلنگ، اسکرپٹنگ، خبروں کی رپورٹنگ، اور نیوز پیکیج کی تیاری بھی شامل ہے۔

مزید :

صفحہ اول -