ٹنڈومحمد خان: ادارہ امراض قلب میں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری 

ٹنڈومحمد خان: ادارہ امراض قلب میں پہلی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری 

  

 کراچی(پ ر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب ٹنڈو محمد خان  میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیوتھوراسک سرجری ٹیم نے  ضلع  بدین سے تعلق رکھنے والے2سالہ بچے عباس علی کی اوپن ہارٹ سرجری کامیابی سے سرانجام دی۔ این آئی سی وی ڈی نے بروزبدھ، 9ستمبر 2020 کو  ٹنڈو محمدخان میں پہلی بار پیڈیاٹرک اوپن ہارٹ سرجری سرانجام دے کر کارڈیک کیئر میں ایک مزید کامیابی اپنے نام کی ہے۔ یہ سرجری این آئی سی وی ڈی کے ہیڈ آف پیڈز کارڈیک سرجری، پروفیسر سہیل بنگش نے، پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر، پیڈز کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر عبدالستار شیخ اینستھیزیا لوجی کے پروفیسر محمد امین خواجہ کے ساتھ سرانجام دی۔ این آئی سی وی ڈی سرجنز کی ٹیم کا کہنا تھا کہ  بچہ  میں دل کی اضافی شریان کی بیماری  (Patent ductus arteriosus) کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے باعث بچے کے دل کا دباؤ بڑھ جاتا تھا اور اس کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری پیش آتی تھی۔ آج بچے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ آپریشن کے بعد بچے کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے اور جلدی سے صحتیاب ہورہا ہے، جس کے بعد اس کو وارڈ میں منتقل کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب مریض کے والدین کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے بچے کا آپریشن یہی ٹنڈو محمد خان میں ہی کیا جائیگا تو ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔، بچہ ایک عام صحتمند زندگی گذار سکے گااور اپنی عمر کے کسی دوسرے بچوں سے مختلف نہیں ہوگا۔ این آئی سی وی ڈی سرجنز کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرپروفیسر ندیم قمرنے بتا یاکہ ٹنڈو محمد خان میں پہلی بار پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری سرانجام دینا ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس طرح کی کارڈیک سرجریز پہلے صرف ملک کے بڑے شہروں یا پھر بیرون ملک میں سرانجام دی جا تی تھی۔اس کارڈیک سرجری کی سہولیات کے آغاز کے ساتھ، ہم پیڈز کے مریضوں کو کارڈیالوجی کی جامع نگہداشت فراہم کر سکیں گے۔ این آئی سی وی ڈی کا مقصدصوبہء  سندھ میں دل کی صحت کی دیکھ بھال کے فرق کو ختم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم ضروت مند مریضوں کو انہی کی دہلیز پر خصوصی نگہداشت فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان ہسپتال جو100بستروں کی خصوصی سہولیات سے آراستہ ہے، وہاں پر مختصر عرصے میں 150سے زائد بڑوں کی کارڈیک سرجریز سرانجام دی گئی ہیں جبکہ کے لاکھوں مریضوں کا بالکل مفت علاج کیا گیا ہے۔این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں انٹروینشنل کارڈیالوجی، ایمرجنسی، کلینکس اور دیگر بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہیں جس سے ٹنڈو محمد خان اور اس کے اطراف میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -