کراچی، قبرستانوں میں بھی بارش کا پانی جمع، قبریں بیٹھ گئیں 

کراچی، قبرستانوں میں بھی بارش کا پانی جمع، قبریں بیٹھ گئیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) مون سون کی طوفانی بارشوں نے کراچی کی بستیوں کو شدید متاثر کیا جبکہ کئی علاقوں میں تاحال معمولات زندگی مکمل بحال نہیں ہوسکے ہیں۔بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے جہاں اکثر رہائشی بستیوں کے مکین شدید متاثر ہوئے وہیں قبرستان بھی محفوظ نہیں رہ سکے۔اختر کالونی، منظور کالونی، رحمن کالونی، جونیجو ٹاؤن اور ڈیفنس ویو قبرستان کا حال بھی انتہائی ابتر ہو چکا ہے،قبرستان پوری طرح سے ایک جھیل کا منظر پیش کر ر ہے ہیں،پانی سے قبروں کوشدید نقصان پہنچ رہا ہے، بارش کے پانی کی وجہ سے کئی قبریں بیٹھ گئی ہیں،بعض قبریں دھنس گئیں۔لواحقین کو اپنے پیاروں کی قبروں کی تلاش میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، ڈیفنس ویو کے قبرستان میں دفنائے گئے مردوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حوالے سے قبرستان کی انتظامیہ کو بارہا نشان دہی کرائی جا چکی ہے، مگرانتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ و تدفین کے لیے آنیوالے عزیز و اقارب انتہائی کرب کا شکار اور انتظامیہ سے داد رسی کے طالب ہیں۔اس اہم مسئلے کے حوالے سے علاقہ مکین دو مرتبہ منتخب ہونے والے صوبائی وزیر سعید غنی سے بھی انتہائی نالاں اور شاکی نظر آتے ہیں اب جبکہ بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تو کراچی کے عوام نے ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی اور ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر محمد علی شاہ سے اپنے مسائل کے حل کی امید باندھ لی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -