زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے بائیو سیکیورٹی پلان پر کہاں تک عملدرآمد ہو چکا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے بائیو سیکیورٹی پلان پر کہاں تک عملدرآمد ہو چکا؟ ...
زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے بائیو سیکیورٹی پلان پر کہاں تک عملدرآمد ہو چکا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے بائیو سیکیورٹی پلان حتمی مراحل میں داخل ہوگیا اور دورے کے دوران 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20میچز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے طویل تعطل کے بعد بالآخر انگلینڈ نے بائیو سیکیور ماحول کا تصور پیش کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع کیا تھا اور یہ تجربہ کامیاب رہا جس کے باعث دیگر کرکٹ بورڈز کو بھی حوصلہ ملا کہ قرنطینہ اور ایس او پیز پر عمل کیا جائے تو محفوظ انداز میں مقابلوں کا انعقاد ہو سکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹرنیشنل کرکٹ پروٹوکولزکے تحت زمبابوے سے سیریز کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے، اس ضمن میں انگلش کرکٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے طریقہ کار سے رہنمائی بھی لی جا رہی ہے، تماشائیوں کو داخلے کی اجازت دینے کیلئے ابھی تک کوئی تجویز زیر غور نہیں،اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے شیڈول اور حفاظتی اقدامات کی تفصیل زمبابوین بورڈ کو ارسال کردی ہے اور آئندہ 8 سے10 روز میں اسے حتمی شکل دیدی جائے گی۔ بورڈ حکام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) گائیڈ لائنز کی روشنی میں ٹی 20 ٹورنامنٹ اور زمبابوے سیریز کے بائیو سیکیور ماحول کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام سے بھی رابطے میں ہیں۔

پی سی بی شعبہ میڈیکل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے دورہ انگلینڈ سے واپسی پر بائیو سیکیور ماحول کے حوالے سے مکمل رپورٹ حکام کو دیدی ہے اور اب ٹیم مینجمنٹ کے دیگر اراکین سے بھی بائیو سیکیور ماحول پر تجاویز لی جا رہی ہیں۔ ابتدائی پلان کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کی 20 اکتوبر کو آمد کا امکان ہے،ایک ہفتے قرنطینہ کے بعد سیریز 28 یا 30 اکتوبر سے شروع ہوگی، دونوں ٹیموں میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلیں جائیں گے۔

مزید :

کھیل -