امپورٹ کی جانے والی 19 مہنگی ترین گاڑیاں ایف بی آر نے اپنے قبضے میں لے لیں، کاغذات میں ہیر پھیر پکڑی گئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایف بی آر نے مشکوک دستاویزات کی حامل 19لگژری کاریں قبضے میں لے لیں۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ان کاروں میں کئی بی ایم ڈبلیواور مرسڈیز بینز شامل ہیں جن کی مالیت کروڑوں میں ہے۔ ان گاڑیوں کے کاغذات سے ان کی ملکیت مناسب طور پر واضح نہیں ہوتی تھی جس پر ایف بی آر کے شعبہ بے نامی زون نے یہ گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
رپورٹ کے مطابق بے نامی زون کا کام بے نامی اکاﺅنٹس اور غیررجسٹرڈ دولت کا سراغ لگانا اور اسے قبضے میں لینا ہے۔ ان گاڑیوں کو ضبط کیے جانے کی خبر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ شعبہ بے نامی اکاﺅنٹس کے متعلق تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایف بی آر کی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ یہ گاڑیاں جن لوگوں کے نام پر رجسٹرڈ تھیں، وہ خود ان گاڑیوں کے مالک نہیں تھے بلکہ ان گاڑیوں کے اصل مالکان کے ہاں ملازمت کرتے تھے۔ ان گاڑیوں کے اصل مالکان کو 7دن کی مہلت دی گئی ہے۔ اس دوران اگر انہوں نے ایف بی آر سے رابطہ نہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔