بیٹا ہوگا یا بیٹی؟ حاملہ خاتون کی جانب سے دبئی میں تاریخ کا مہنگا ترین اعلان

بیٹا ہوگا یا بیٹی؟ حاملہ خاتون کی جانب سے دبئی میں تاریخ کا مہنگا ترین اعلان
بیٹا ہوگا یا بیٹی؟ حاملہ خاتون کی جانب سے دبئی میں تاریخ کا مہنگا ترین اعلان

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں ان دنوں ایک نیا رواج چل نکلا ہے کہ لوگ اپنے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی جنس کا اعلان کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کرنے لگے ہیں۔ عام طور پر ایسی تقریب میں دوست احباب اور فیملی کے لوگ شریک ہوتے ہیں اور بچے کی جنس کے لحاظ سے گھر کی تزئین و آرائش کی جاتی ہے۔ اگر ماں کے پیٹ میں بچی پرورش پا رہی ہو تو گھر کی سجاوٹ میں گلابی رنگ نمایاں رکھا جاتا ہے اور اگر بیٹا ہو تو نیلا رنگ۔ اب دبئی کے ایک میاں بیوی نے اس رواج کو ایک نئی جہت دے دی ہے اور اپنے ہاں پیدا ہونے والے بچے کی جنس کامہنگا ترین اعلان دنیا کی بلندترین عمارت برج الخلیفہ کے ذریعے کر ڈالا ہے۔

دی نیشنل کے مطابق اس نوجوان کا نام انس اور اس کی اہلیہ کا نام انسلہ مروا ہے جو سوشل میڈیا کی معروف جوڑی ہے۔ ان کا یوٹیوب پر ’اناسلہ فیملی‘ کے نام سے ایک چینل ہے جس پر میاں بیوی اور ان کی 2سال بچی کی ویڈیوز پوسٹ ہوتی ہیں اور اب ان کے ہاں دوسرا بچہ پیدا ہونے جا رہا ہے جس کی جنس کا اعلان انہوں نے برج الخلیفہ کے ذریعے کیا۔ گزشتہ شب برج خلیفہ کی روشنیاں چالو کی گئی اور 10سے کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع ہوا اور پھر برج خلیفہ پر ”یہ لڑکا ہے، مبارکباد انسلہ فیملی۔“ کے الفاظ جگمگانے لگے۔ یہ جان کر کہ ان کے ہاں بیٹا پیدا ہونے والا ہے، خوشی سے انس، انسلہ اور ان کے ساتھ آئی ایک رشتہ دار خاتون کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور وہ ایک دوسرے کو گلے لگانے لگے۔ انس اور انسلہ کے بیٹے کی جنس کا یہ اعلان ہزاروں لوگوں نے برج خلیفہ کے گرد کھڑے ہو کر دیکھا اور اب اس کی ویڈیوز بہت وائرل ہو رہی ہیں اور کروڑوں لوگ یہ منظردیکھ رہے ہیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -