کیا آپ کو پتا ہے کہ پاکستان میں فیس بک پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کون سی ہے؟

کیا آپ کو پتا ہے کہ پاکستان میں فیس بک پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ...
کیا آپ کو پتا ہے کہ پاکستان میں فیس بک پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کون سی ہے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوٹیوب اور فیس بک کی جانب سے اوریجنل مواد کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے یہ شعبہ اب کارپوریشنز کے ہاتھوں سے نکل کر افراد کے ہاتھوں میں جا چکا ہے۔ کوئی بھی شخص اب ایک صحافی، رپورٹر، گلوکار، میوزیشن، کامیڈین یا کچھ بھی بن سکتا ہے، اب اسے اپنے سپنوں کے حصول کیلئے بڑی سفارشوں اور دفتروں کے دھکے کھانے کی ضرورت نہیں پڑتی، جس میں جو ٹیلنٹ ہے وہ یوٹٰیوب اور فیس بک کے ذریعے نہ صرف اس کا اظہار کرسکتا ہے بلکہ اس سے پیسے بھی کماسکتا ہے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بہت سے نوجوان اور ادارے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے ویڈیوز تیار کرتے ہیں، لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ پاکستان کے کس تخلیق کار کی ویڈیو کو فیس بک پر اب تک سب سے زیادہ بار دیکھا گیا ہے؟

ویسے تو فیس بک پر اکثر ویڈیوز کے کئی ملین ویوز آتے ہیں لیکن بہت کم ویڈیوز ایسی ہوتی ہیں جو بہت زیادہ ویوز حاصل کرنے میں کامیاب ہوپاتی ہیں۔ یوٹیوب پر تو دل کھول کر ویوز ملتے ہیں لیکن فیس بک پر مستقل ویوز حاصل کرنا بہت ہی مشکل کام ہے کیونکہ یہاں کاپی رائٹ کے حقوق کا اتنا زیادہ خیال نہیں رکھا جاتا جس کی وجہ سے عام لوگ ویڈیوز کو شیئر کرنے کی بجائے انہیں ڈاؤن لوڈ کرکے شیئر کرتے ہیں جس سے اوریجنل چینل  کے ویوز پر فرق پڑتا ہے۔ اس سب کے باوجود پاکستان میں لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان ارسلان طاہر کے چینل Lahorified نے فیس بک ویوز کے معاملے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان میں اب تک سب سے زیادہ Lahorified چینل کی ایک ویڈیو Fake Dog Bark Prank کو دیکھا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو فیس بک پر اب تک 70 ملین یعنی 7 کروڑ لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ اس ویڈیو کے یوٹیوب ویوز اس کے علاوہ ہیں۔ یہ فیس بک پر پاکستان میں اب تک کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے۔

سوشل میڈیا کے حقائق پر مبنی اعداد و شمار پیش کرنے والے یوٹیوب چینل FTD Facts کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کے یوٹیوبرز کے حوالے سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے ۔ اس چینل پر مواد ، سبسکرائبرز اور دیگر چیزوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے چینلز کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

ایف ٹی ڈی فیکٹس کی درجہ بندی کے مطابق پاکستان میں Lahorified کو بہترین یوٹیوب چینل قرار دیا گیا ہے۔ اس درجہ بندی میں شام ادریس کو دوسرے، شاہ میر عباس کو تیسرے، ڈکی بھائی کو چوتھے اور اسد علی ٹی وی کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

ایف ٹی ڈی فیکٹس درجہ بندی کے مطابق زید علی پاکستان کے چھٹے بہترین یوٹیوبر قرار پائے ہیں۔ اس فہرست میں موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ آٹھویں، کچن ود آمنہ کو نویں اور پی 4 پکاؤ کو دسویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

چونکہ پاکستان  میں یوٹیوب باقی ممالک کی نسبت دیر سے کھلی ہے اور یہاں ایک طویل عرصے تک پابندیوں کا شکار رہی ہے اس لیے لوگ آہستہ آہستہ یوٹیوب اور فیس بک کیلئے ویڈیو بنانے کی طرف آرہے ہیں۔ اس وقت مذکورہ بالا 10 چینلز کے علاوہ بھی بہت سے چینلز ہیں جو بہت ہی اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی ویڈیوز نہ صرف تفریح سے بھرپور ہوتی ہیں بلکہ ان سے بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملتا ہے۔ ان یوٹیوبرز اور کونٹینٹ کریئٹرز کیلئے ہم ایک "لیجنڈ" کے الفاظ ہی کہہ سکتے ہیں کہ "یارا جی!  ایسے ہی شغل میلہ لگائی رکھو، اگر ایسے ہی کام کرتے رہے تو کروڑ پتی ہوجاؤ گے، شغل میلے کا شغل میلہ، کام کا کام ہوگیا، لگائی رکھو شغل میلہ."