”میں پاکستان کرکٹ کی محبت میں یہاں آیا لیکن جواب میں محبت نہ مل سکی“ وسیم خان نے بھی شکوہ کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے شکوہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کی محبت میں یہاں آئے لیکن جواب میں انہیں وہ محبت نہ مل سکی۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں وسیم خان نے کہا کہ پاکستان میں مجھ پر ذاتی حملے کئے گئے، میرے اردو لہجے پر تنقید ہوئی، میر ی تنخواہ کو بھی ایشو بنایا گیا، میں پاکستان کرکٹ کا سیٹ اپ تبدیل کرنے آیا تھا لیکن شاید پاکستان کے عوام میری میزبانی کرنے کو تیار نہیں تھے۔
وسیم خان نے دوران انٹرویو انکشاف کیا کہ بورڈ میٹنگ میں ان کے خلاف احتجاج کیا گیا جبکہ کوئٹہ کی میٹنگ میں میری تقرری کی منظوری دی جانی تھی لیکن وہاں بھی شور شرابہ کردیا گیا۔ اس دوران اہلیہ نے گھبرا کر روتے ہوئے فون کیا اور کہا کہ آپ ہر ٹی وی چینل کی ہیڈ لائنز میں ہیں، اس پر اہلیہ کو کہا کہ فکر نہ کرو، سب ٹھیک ہوجائے گا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ میرے بارے میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ میری تقرری ایک بااثر شخص کے کہنے پر کی گئی ہے۔