اے پی این ایس کی بھی وزیر اعلیٰ کے پی علی امین کے صحافیوں سے متعلق بیان کی مذمت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے صحافیوں اور میڈیا برادری کے خلاف انتہائی قابل اعتراض ریمارکس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اے پی این ایس کی صدر نازآفرین سہگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی کا ایک بیان میں وزیراعلیٰ کے پی کی طرف سے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام میں صحافیوں کے خلاف استعمال کی گئی اشتعال انگیزی اور دھمکی آمیز زبان کی شدید مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے غیر ضروری ریمارکس صحافیوں کوہراساں کرنے کے مترادف ہیں جو لوگوں کے جاننے کے حق کے تحفظ اور اس کو فروغ دینے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے جان بوجھ کر آزادی صحافت پر حملہ کیا ہے تاکہ صحافیوں کو اپنی ڈکٹیشن کے مطابق کام کرنے پر مجبور کیا جائے۔
اے پی این ایس کے عہدیداروں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ وزیراعلیٰ علی امین کے بیان سے الگ ہوں ،اس کی مذمت کریں اور ان کے بیان پر عوامی معافی مانگیں۔
اے پی این ایس نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی قیادت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مستقبل میں ایسے ریمارکس نہ دہرائے جائیں۔