بھارتی فلم ’ اینیمل ‘ کی مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا منظر عام سے غائب کیوں ہیں؟ حیران کن انکشاف 

Sep 10, 2024 | 10:36 AM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ فلم ’اینیمل’ میں اپنے معاون کردار سے مشہور بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا نے معمولی حادثے میں زخمی ہونے کا انکشاف کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ رشمیکا مندانا نے سال 2022 میں سیمنا گھروں کی زینت بننے والی فلم ’گڈ بائے’ سے فلم نگری میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے اپنی بہترین اداکاری کے سبب فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے لگیں۔تاہم انہیں شہرت گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل’ سے ملی جس نے انہیں پوری دنیا میں ایک باصلاحیت اداکارہ کے طور پر متعارف کروایا۔

تیلگو، کناڈا اور ہندی فلموں کی اداکارہ رشمیکا مندانا نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر غیر فعال ہونے کی وجہ بتاکر ہر جانب تہلکہ مچادیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رشمیکا مندانا نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے گزشتہ ماہ پیش آنے والے حادثے کا انکشاف کیا ۔

جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ رشمیکا نے پوسٹ میں چشمہ لگائے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن  میں لکھا کہ،’مجھے معلوم ہے کہ مجھے سوشل میڈیا پر آنے اور عوام کو نظر آنے میں  کافی وقت ہو گیا ہے ، پچھلے مہینے سے بہت زیادہ فعال نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ مجھے ایک معمولی نوعیت کا حادثہ پیش آیا تھا  جس کیلئے  میں  اب ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق صحت یابی کے لیے گھر پر رہی ’۔

اداکارہ نے اپنے کیپشن میں مداحوں کو یقین دلایا کہ اب وہ بہتر ہو رہی ہیں اور کام پر واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔اپنے پیغام میں رشمیکا نے خود کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مزید لکھا کہ،’ہمیشہ اپنی دیکھ بھال کو ترجیح دیں!! کیونکہ زندگی بہت نازک اور مختصر ہے اور ہمیں نہیں معلوم کہ کل ہمارے پاس ہوگا یا نہیں، اس لیے ہر دن خوشی کا انتخاب کریں۔’

دوسری جانب اگرچہ کہ رشمیکا مندانا نے حادثے کی نوعیت واضح نہیں کی لیکن ان  کی اس پوسٹ پر لاکھوں صارفین انکی صحتیابی کیلئےدعاگو نظر آئے اور جلد انہیں فلموں میں دوبارہ دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

مزیدخبریں