غزہ: المواسی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 40 فلسطینی شہید
غزہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )غزہ میں خیمہ بستی پر اسرائیلی حملے میں مزید 40 فلسطینی افراد شہید ہوگئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اب کی بار غزہ کے المواسی کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید 40 فلسطینی شہید اور 60 زخمی ہوگئے۔
خیمہ بستی میں اسرائیلی بمباری کے دوران وزنی بموں کے استعمال سے محفوظ قرار دیے گئے المواسی کیمپ میں 30 فٹ گہرے گڑھے پڑگئے جس سے لاشوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے پولیو مہم کےلئے شمالی غزہ جانے والے یو این عملے کو حراست میں لے لیا اور عملے کی گاڑیوں کو بلڈوزروں سے نقصان پہنچایا۔
مزید برآں نابلوس کے 3 دیہات پر اسرائیلی قبضے کےلئے فلسطینیوں کو جگہ خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 972 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 94 ہزار 761 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے،غزہ پر اسرائیل کی اندھادھند بمباری سے اب تک لاکھوں افراد بے گھر ہوکر کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔