چین سے قرض رول اوور پر بات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، وفاقی وزیر خزانہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کا قرض رول اوور کرنے سے انکار نہیں کیا، چین سے قرض رول اوور پر بات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اپنے طریقہ کار سے کام کرتا ہے، حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے قرض رول اوور پر بات چیت جلد مکمل ہونے کا امکان ہے ، حکومت سعودیہ سے سرمایہ کاری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم دوست ممالک سے امداد کی بجائے سرمایہ کاری پر یقین رکھتے ہیں۔