فیصل صالح نے من پسند افراد کو کامیاب کروانے کیلئے دھاندلی کی منصوبہ بندی کرلی،علی حیدر
لاہور ( اے پی پی) پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار علی حیدر نور خان نیازی ( ایم پی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن(پی ایف ایف) کے موجودہ صدر فیصل صالح حیات نے 17اپریل کو پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے ہونے والے انتخابات میں اپنے پسندیدہ امیدوار کو کامیاب کرانے اور اقتدار میں رہنے کے لئے انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ یہاں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فٹ بال کے خلاف سازش ہے اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن میں اپنے من پسند افراد کو لانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں دھاندلی کرا کر فیصل صالح حیات گروپ،پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن میں اپنی جگہ محفوظ کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کھیلوں کو بچانے اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کرنے کی کوششوں کرنے والوں کو ناکام بنانے کے لئے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ۔ ایم پی اے علی حیدر نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لئے الیکشن کمشنر کی تقرری کا اعلان اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تنخواہ یافتہ ملازمین کا پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان الیکشن میں دھاندلی کے منصوبے کا حصہ ہے فیصل صالح حیات نے پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے لئے اپنے رشتہ دار کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے جو کہ من پسند نتائج حاصل کرنے کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے تنخواہ یافتہ ملازمین جن میں سیکرٹری احمد یار لودھی اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ سردار نوید حیدر جو انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ہمارے دعوے کی تصدیق کرتے ہیں کہ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن نے انتخابات میں من پسند رزلٹ حاصل کرنے کا مصمم ارادہ کر رکھا ہے۔انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ فیصل صالح حیات کی سربراہی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کرپشن کے معاملے کا نوٹس لیں پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات شفاف انداز میں کرائے جائیں تا کہ بغیر کسی دباؤ کے حقیقی افراد کو منتخب کیا جا سکے۔