میراتھن ڈیس سیبلز کا تیسواں ایڈیشن ریچرڈ ال مورابیٹی نے جیت لیا
مراکش( نیٹ نیوز) مراکش میں میراتھن ڈیس سیبلز کا تیسواں ایڈیشن ختم ہو گیا ، میزبان ملک کے ریچرڈ ال مورابیٹی نے تیسری بار ٹائٹل جیت لیا جبکہ خواتین میں سویڈن کی ایلیزابیتھ بیرنز نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مراکش کے صحراؤں میں ہونے والی میراتھن ریس کے فائنل میں ایتھلیٹس نے میدان مارنے کے لیے خوب جوش دکھایا۔ تپتے صحرائی ٹریک پر میزبان ملک کے ریچرڈ ال مورابیٹی نے 91 اعشاریہ سات کلومیٹر ، 8 گھنٹے 39 منٹ 49 سیکنڈز میں طے کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کے ہم وطن ساتھی عبدالقادر ال موازز سات منٹ 53 سیکنڈز کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ مراکش کے ہی عزیز ال اکد نے تیسرے نمبر پر فنش لائن عبور کی۔ خواتین ایونٹ میں سویڈش ایتھلیٹ ایلیزابیتھ بیرنز نے مقررہ فاصلہ 11گھنٹے 29منٹ اور 3 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔