بجلی کی قیمت میں رعایت!

بجلی کی قیمت میں رعایت!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیپرا نے ماہ فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے حوالے سے بجلی کی قیمت میں4 روپے 42پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے اس کا اطلاق اگلے ماہ کے بلوں میں ہو گا اور کراچی الیکٹرک سپلائی کے سوا باقی ملک کے صارفین مستفید ہوں گے۔ خبروں کے مطابق نیپرا نے فیصلے کا اعلان آئی یم ایف کے دباؤ کے باوجود کیا،جس کی طرف سے گیس اور بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی شرط عائد کی گئی ہوئی ہے۔کہا گیا تھا کہ اس رعایت کو سبسڈی کم کرنے کے حساب سے شمار کر لیا جائے اور اس کا فائدہ صارفین تک نہ پہنچے، لیکن یہ بات تسلیم نہیں کی گئی۔فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا سلسلہ جب سے شروع ہوا، بوجھ صارفین پر منتقل ہوتا رہا کہ جونہی عالمی منڈی میں پٹرولیم کے نرخ متاثر ہوتے یہاں فرنس آئل کی قیمت میں اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل کر دیا جاتا۔ تاہم گزشتہ چھ ماہ کے دوران عالمی منڈی میں پٹرولیم کے نرخ بڑھنے کی بجائے کم ہوئے تھے اور حکومت نے مسلسل تین ماہ تک پاکستان میں بھی کمی کی،اب اس کا فائدہ صارفین کو منتقل ہونا ہی چاہئے کہ یہ ایک اصول بنا ہوا ہے۔اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش عوام سے بے وفائی ہی کہلائے گی،اچھا ہوا کہ نیپرا نے دباؤ تسلیم نہیں کیا، حالانکہ ماضی میں ایسا ہو چکا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اگلے ماہ کے بلوں میں یہ رعائت ملتی ہے یا نہیں؟ نہ دی گئی تو حکومت کی بدنامی ہو گی،اس لئے اس کا فائدہ صارفین کو ملنا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -