جنونی شخص نے نوجوان لڑکی کو تیز دھار آلہ سے زخمی کر دیا
چیچہ وطنی(نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)موٹر سائیکل سوارچھرا مار گروپ کے جنونی شخص نے نوجوان لڑکی کو تیز دھار آلہ سے زخمی کر دیا۔محلہ حیات آباد کے رہائشی محمد نواز کی 20 سالہ بیٹی گلی میں جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار جنونی شخص نے اس پر تیز دھار آلے سے وار کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی ، لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ چھرا مار گروپ کا جنونی شخص گزشتہ ڈیڑ ھ سال سے دو درجن سے زائد خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کر چکا ہے ۔ جس کی گرفتاری کیلئے ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں 95 سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈی ایس پی چیچہ وطنی کی زیر نگرانی ایک انسپکٹر، دس لیڈی کانسٹیبل اور 60 کے قریب پولیس ملازمین بھی جنونی شخص کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود جنونی شخص گرفتار نہ ہو سکا ہے ، واردات کرنے کے بعد وہ چھلاوے کی طرح گلیوں میں غائب ہو جاتا ہے۔