ڈیفنس شوہر سے ناراض 40 سالہ خاتون کی گھر میں پُراسرار ہلاکت

لاہور(کرائم سیل) ڈیفنس سی کے علاقے میں چالیس سالہ خاتون گھرمیں پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گئی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کت کے متوفیہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیئے مردہ خانہ میں جمع کروا کر مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ مقتولہ کے لواحقین کو اوکاڑہ میں اطلاع دے دی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق 40سالہ طاہرہ ڈیفنس گرین ایونیو کی رہائشی تھی اور اس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جبکہ خاوند ڈیفنس کے علاقے میں ہی ایک ہوٹل چلاتا ہے ۔محلے داروں کے مطابق طاہرہ کا اسکے خاوند ریاض سے اکثرو بیشتر جھگڑا رہتا تھا اسی وجہ سے طاہرہ چند ماہ قبل اپنے خاوند سے ناراض ہوکر والدین کے گھر اوکاڑہ چلی گئی تھی رشتہ داروں نے میاں بیوی کے درمیان صلح صفائی کروادی جس کے بعد طاہرہ بچوں سمیت واپس آگئی پولیس کے مطابق علاقے کے چوکیدار نے گذشتہ صبح اطلاع دی کہ طاہرہ کے مکان کا گیٹ کھلا تھا اس نے اطلاع دینے کی کوشش کی لیکن گھر سے کوئی جواب نہ آیا گھر داخل ہوا تو طاہرہ کی لاش فرش پر پڑی تھی جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی جائے وقوعہ پر طاہرہ کی لاش کے قریب رسی بھی تھی ۔ شک ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متوفیہ کے خاوند نے اسے جائیداد ہڑپ کرنے کیلئے قتل کیا ہے وقوع سے اہم شواہد اکھٹے کئے گئے ہیں، ملزم کے فنگر پرنٹس لیبارٹری بجھوادیے گئے ہیں طاہرہ کے خاوند کی گرفتاری کیلئے اسکے ہوٹل پر چھاپہ مارا گیا لیکن وہ بچوں سمیت روپوش ہو چکا تھا جبکہ طاہرہ کے لواحقین کو اوکاڑہ میں اطلاع دے دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق لواحقین کی جانب سے مقدمہ اندارج کیلئے درخواست موصول نہیں ہوئی درخواست آنے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا ۔