کراچی ،ایم کیو ایم کے ڈنڈا برداروں کی جما عت اسلامی کی ریلی پر دھاوا
کراچی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں لیاقت آباد نمبر کے علاقے میں الاعظم سکوائر میں نامعلوم افراد نے جماعت اسلامی کی ریلی پر دھاوا بول دیا۔ تفصیلات کے مطابق حملہ آورڈندڈوں سے لیس تھے جنہوں نے حملہ کرتے ہی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے جس پر کارکنان اور حملہ آوروں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی پر حملہ کرنے والوں کے پاس اسلحہ کی موجودگی اور ہوائی فائرنگ کی متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ریلی پرحملہ ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا۔امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں جماعت اسلامی کی ریلی پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن انتخابی ریلی پرحملہ بدترین غنڈہ گردی اوردہشت گردی ہے۔دوسری جانب ایم کیوایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ریلی کے شرکانے متحدہ کے کیمپ پرحملہ کیا،عوام اور کارکن صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل متعدد مواقعوں میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے ہو چکے ہیں اور رہنماؤں کی جانب سے صبر اورتحمل کے باوجود کشیدگی برقرار ہے۔