شوکت خانم ہسپتال رحیم یار خان میں اعلیٰ معیار کی تشخیصی لیبارٹری قائم کریگا
لاہور(پ ر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر رحیم یار خان میں بہت جلد ایک اعلیٰ معیار کی تشخیصی لیبارٹری کا قیام عمل میں لارہا ہے۔ یہ ڈائیگناسٹک لیبارٹری رحیم یار خان کے ساتھ ساتھ بالائی سندھ، بہاولپور، حاصل پوراور نزدیکی علاقوں کی میڈیکل کمیونٹی اور عوام کیلئے ایک نہایت اہم سہولت ہوگی۔شوکت خانم رحیم یار خان لیب مقامی اور بین الاقوامی ریگولیٹری اداروں کے مقرر کردہ معیار کے مطابق لیبارٹری سروسز فراہم کرے گی۔ اس سہولت کے قیام سے علاقے کے عوام اور طبی شعبہ سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل امینوکیمسٹری، کیمسٹری، ہیماٹالوجی اور مائیکرو بیالوجی کے سینکڑوں ٹیسٹ کی رپورٹ چند گھنٹوں میں حاصل کرسکیں گے جس سے فوری علاج کی سہولت حاصل کی جاسکے گی نیز کچھ اہم نوعیت کے ٹیسٹ کی رپورٹ لیب میں سیمپل ملنے کے کچھ ہی منٹوں میں حاصل کی جاسکے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس علاقے کے عوام کو یہ جدید سہولت ان کے گھر کے نزدیک فراہم ہونے سے اب انہیں پہلے کی طرح دوسرے شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ رحیم یار خان کی لیبارٹری کا معیار شوکت خانم ہسپتال لاہور میں فراہم کی جانے والی لیب سہولیات جیسا ہی ہوگا جوکہ مستند اور بروقت لیبارٹری نتائج فراہم کرنے کیلئے مشہور ہے۔