بھارت کی ایک اور گھناؤنی چال ،کشمیرمیں اسرائیل والا حربہ آزما لیا

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے فلسطینی زمینوں پر بزورِ بدمعاشی قبضہ کرکے یہودی بستیاں آباد کررکھی ہیں جن کی وجہ سے فلسطینیوں کی زندگی عذاب ہوچکی ہے اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ اب یہی منظر مقبوضہ کشمیر میں بھی نظر آنے والا ہے جہاں بھارتی حکومت ہندو بستیاں آباد کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔
مزید پڑھیں:تاج محل کے نیچے شیو کا مندر دفن ہے، بھارتی پنڈت کے دعویٰ نے ہلچل مچادی
بھارتی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی سعید سے مذاکرات کئے ہیں جس میں مفتی سعید نے ہندو بستیاں آباد کرنے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں 2 سے 3 لاکھ تک ہندﺅں کو متعدد بستیوں میں آباد کیاجائے گا جن کی مسلح حفاظت کا سخت ترین بندوبست کیا جائے گا۔
بھارتی وزارت داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حکومت نے ہندو بستیوں کے لئے درکار زمین اور دیگر سہولیات جلد از جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شدت پسند بی جے پی کا یہ منصوبہ مقبوضہ کشمیر میں لگی آگ کو اور بھڑکائے گا جس کے شعلوں سے دلی کا تخت بھی محفوظ نہیں رہے گا۔